ترنول میں اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 25 من گدھے کا گوشت برآمد

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے ترنول میں کارروائی کرتے ہوئے 25 من گدھے کا گوشت برآمد کر لیا۔ چھاپے کے دوران 50 سے زائد گدھے بھی موقع سے برآمد ہوئے۔

یہ انکشاف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب لاہور میں بھی حال ہی میں اسی نوعیت کی غیرقانونی سرگرمی کی خبر سامنے آ چکی ہے۔

فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ برآمد شدہ گوشت ممکنہ طور پر غیر ملکی شہریوں کے لیے کھانے میں استعمال کیا جا رہا تھا، جب کہ کچھ مقدار بیرون ملک بھی بھیجی جا رہی تھی۔ ٹیم نے برآمد شدہ گوشت کو موقع پر تلف کر دیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے بتایا کہ مجموعی طور پر 25 من گوشت ضبط کیا گیا، جب کہ موقع پر موجود ایک غیر ملکی شہری کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں کہ یہ گوشت کن کن علاقوں میں سپلائی کیا جاتا رہا۔

حکام کے مطابق تھانہ سنگجانی میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے پہلی بار بین الاقوامی حیاتیات اولمپیاڈ میں گولڈ میڈل جیت لیا

فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں کسی بھی مشتبہ گوشت یا غیرقانونی سرگرمی کا شبہ ہو تو فوری اطلاع دیں تاکہ انسانی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

Scroll to Top