وادی نیلم کے سیاحتی مقام ڈبہ جاگراں میں نیلم فیسٹیول کی رونقیں، شہریوں کی بھرپور شرکت

(کشمیر ڈیجیٹل) وادی نیلم کے دلکش سیاحتی مقام ڈبہ جاگراں میں نیلم فیسٹیول سیزن ٹو کی رنگا رنگ تقاریب جاری ہیں، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد موسم، موسیقی اور مختلف سرگرمیوں سے بھرپور لطف اٹھا رہی ہے۔

فیسٹیول میں کھیلوں، موسیقی، اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ہے، جن میں مقامی اور بیرونِ نیلم سے آئے ہوئے سیاح بڑی دلچسپی لے رہے ہیں۔ علاقائی ثقافت کو اُجاگر کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جس سے نیلم کی خوبصورتی کو چار چاند لگ گئے ہیں ۔

جواد شہید کرکٹ ٹیم کی جانب سے فیسٹیول میں شرکت اور خوشی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ ٹیم کے اراکین کا کہنا ہے کہ ایسے ایونٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں اور علاقے میں امن و خوشحالی کا پیغام دیتے ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ نیلم فیسٹیول جیسے پروگرامز نہ صرف علاقائی ثقافت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔

منتظمین کے مطابق نیلم فیسٹیول کو ہر سال منعقد کرنے کی کوشش کی جاتی ہےتاکہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے اور مقامی کمیونٹی کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

Scroll to Top