ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل نیوز) ضلع کونسل جہلم ویلی کا سالانہ بجٹ برائے مالی سال 2025ء 26ء متفقہ طور پر منظور کرلیاگیا ۔
چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی طیب منظور کیانی کی زیر صدارت منعقدہ بجٹ اجلاس میں طویل بحث کے بعد چھ کروڑ ستاون لاکھ اکاون ہزار نو سو سترہ روپے مالیت کا بجٹ پیش کیا گیا ۔ اجلاس میں 16 ممبران ضلع کونسل جہلم ویلی نے شرکت کی بجٹ اجلاس کو ممبران ضلع کونسل نے طویل بحث اور تجاویز کے بعد ممبران نے ہاتھ اٹھا کر متفقہ طور پر منظور کرلیا ۔ چیئرمین بجٹ کمیٹی راجہ پرویز اقبال ایڈووکیٹ نے بجٹ پیش کیا ، اجلاس کے موقع پر مختلف قراردادیں پیش کی گئیں جن میں کنٹرول لائن کے علاقوں میں بنکرز کی تعمیر ، ضلع کونسل کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور ضلع کونسل کے معاملات میں دیگر اداروں کی مداخلت اور عدم تعاون پر مذمتی قراردادیں پیش کی گئی ۔
اجلاس میں ممبران ضلع کونسل طیب منظور کیانی ،راجہ پرویز اقبال ایڈووکیٹ، اسد چغتائی ایڈوکیٹ، راجہ عظیم زاہد ایڈوکیٹ، چوہدری عبد الجبار ایڈوکیٹ، آصف اقبال مغل, سید ساجد ہمدانی، محمد فرید مغل، بشیر عالم اعوان، عبدالعزیز بدھن، چوہدری ظفر شاہین، غزالہ اشرف، شگفتہ روشن اعوان، راجہ انور خان ، نے شرکت کی. پیش کردہ بجٹ کے انتظامی اخراجات اٹھائیس لاکھ چھتیس ہزار تین سو بیالیس روپے ،سائر اخراجات ایک کروڑ انہتر لاکھ پچاسی ہزار چھ سو سینتالیس روپے , ترقیاتی اخراجات کے لیے چار کروڑ انسٹھ لاکھ انتیس ہزار نو سو اٹھائیس روپے مختص کئے گئے.
محصولات سے جمع ہونے والی رقم کو مالی سال 2025ء/26ء میں مختلف طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے استعمال کیا جائے گا جس کا تعین بجٹ کمیٹی ممبران اور ممبران ضلع کونسل نے مشاورت کے ساتھ کیا جائے گا.تمام ممبران نے بجٹ پر تفصیلی بحث کی اور عوامی مفاد کے لیے بہتر قرار دیتے ہوئے متفقہ طور پر منظور کر لیا, ضلع کونسل کے بجٹ کی متفقہ منظوری کے بعد چیئرمین ضلع کونسل طیب منظور کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ الحمداللہ آج ضلع کونسل کے تیسرے مالی سال کا بجٹ پیش ہوا اور متفقہ طور پر منظور ہوا ، تین دہائیوں بعد بلدیاتی نظام بحال ہوا ۔
بلدیاتی نظام کو فعال اور مضبوط کرنے میں آج کی کارروائی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ طیب منظور کیانی نے کہا کہ حکومت نے جو بجٹ دیا ضلع کونسل نے جو وسائل تخلیق کئے وہ ایک ایک روپیہ ہم نے عوام پر لگایا ، بلدیاتی نظام کی بقاء کے لیے ہم نے قانونی جنگ لڑی ، ہماری مزاحمت پر ہمیں فنڈز ملے ، ہم آگے بھی اس نظام کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ،مثبت سوچ کے ساتھ ضلع کے جملہ ادارہ جات کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں اور یہ یقین رکھتے ہیں کہ محنت سے اپنے طے شدہ اہداف کو ہم حاصل کر لیں گے ۔
ضلع کونسل کی ساکھ کو بہتر کرنا، وسائل کو بڑھانا، عوامی مفاد کے لیے محکمہ جات سے ورکنگ کوآرڈینیشن کو بہتر کرنا، زراعت اور لائیو سٹاک کو فروغ دینے کے لیے کام کرنا، بازاروں اور سیاحتی مقامات کو بہتر بنانا، سپورٹس فیسٹیول کے ذریعہ کھیلوں کو فروغ دینا، ماحولیاتی تبدیلیوں کا تدارک اور تحفظ کرنا تعلیم اور صحت کے شعبہ میں بہتری لانا سمیت محصولات میں اضافہ ہمارے اہم اہداف ہیں ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر بھی کام ہورہا ہے ، مخصوص نشستوں کے حامل ممبران پراجیکٹ پرپوزل لائیں انشاء اللہ بھرپور تعاون کریں گے ۔
ہمارا ضلع ادھورا ہے مختلف محکموں کے ذمہ داران کی ضلع میں موجودگی پر بھی کام ہورہا ہے ، ان اہداف کی تکمیل کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا جس سے نہ صرف مقامی حکومتوں پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ بلدیاتی نظام بھی مضبوط ہوگا. ضلع کونسل کے ممبران کے لیے مطالعاتی دورہ بھی رکھیں گے ، ضلع کونسل کا دفتر ممبران کا اپنا گھرہے,ممبران کی عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، ضلع کونسل کا سٹاف ممبران کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا. ضلع کونسل کے وسائل میں مزید اضافہ کریں گے ،عمارات سے محروم تعلیمی اداروں کے لیے بھی اقدامات کریں گے ۔
کوشش ہوگی زراعت اور لائیو سٹاک کی نمائشیں منعقد کروائیں گے ، قومی ایام تہواروں پر سپانسرز کریں گے ،بجٹ اجلاس کی کاروائی چیف آفیسر شاہد شیخ نے شروع کی ،اور ممبران کو خوش آمدید کہا ، اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول سے ہوا ، ازاں بعد ممبر ضلع کونسل محترمہ غزالہ اشرف کے والد کی وفات پر فاتحہ خوانی کی ، ممبر ضلع کونسل آصف مغل نے جسکول آبشار کی بہتری کے حوالہ سے تجویز دی ، اور ممبران ضلع کونسل کے لیے بھی ویلفیئر فنڈ رکھا جائے ، ممبر ضلع کونسل غزالہ اشرف نے کہا کہ خواتین کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں میں عدم برداشت کے خاتمہ کے لیے سیمینارز اور آگاہی مہم کا سلسلہ شروع کیا جانا چاہیے ، ممبر ضلع کونسل ساجد ہمدانی نے موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر اقدامات کرنے کی تجویز پیش کی ۔
ممبر ضلع کونسل راجہ عظیم زاہد ایڈووکیٹ نے ضلع کونسل کے محاصل میں اضافہ کیا جائے ، پیٹرول پمپ کو ضلع کونسل کے دائرہ اختیار میں لایا جائے ، پراجیکٹس یونین کونسل کی بنیاد پر ہونے چاہیے اور ترقیاتی کمیٹی قائم کی جائے ، ممبران ضلع کونسل کو اجلاس ہا میں شرکت پر اعزازیہ دیا جائے ، دفتر ضلع کونسل میں ممبران ضلع کونسل کی تفصیلات آویزاں کی جائیں ، راجہ عظیم زاہد نے کہا ڈپٹی کمشنر آفس ضلع کونسل کو ڈیکٹیٹ نہیں کرسکتا ، ممبران ضلع کونسل عوام کے منتخب نمائندے ہیں ہر ادارہ اپنی حدود میں رہے ، ممبر ضلع کونسل اسد چغتائی نے ضلع کونسل کے وسائل میں اضافہ کیا جائے ۔
آفات سماوی کے حوالہ سے بحالی و تعمیر نو کے لیے بجٹ رکھا جائے ، ضلع کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں ، ویلفیئر فنڈ قائم کرکے ہنگامی صورتحال میں استعمال کیا جائے سبزی منڈی قائم کی جائے ، ضلع کونسل میں مخصوص نشستوں کے حامل ممبران کو فنڈز فراہم کئے جائیں ، ممبر ضلع کونسل عبد العزیز بدھن نے کہا کہ ضلع کونسل کا بجٹ دیانتداری سے عوام کی بہتری کے لیے استعمال ہورہا ہے ، لیپا ویلی کی یونین کونسلز میں ہا تو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر و ترقی کا عمل کیا جائے ،ممبر ضلع کونسل راجہ انور نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹرز سے محصولات وصول کئے جائیں ۔
جہلم ویلی میں سیاحتی شعبہ کے حوالہ سے ٹیکس وصول کیا جائے ، پرائیوٹ تعلیمی اداروں سے بھی ٹیکس وصول کیے جائیں اور یتیم اور غریب طلبہ کے لیے فنڈز رکھے جائیں ضلع کونسل کے منصوبہ جات میں سے تختیاں لگا کر ضلع کونسل سے اسے منسوب کیا جائے ، چوہدری عبدالجبار ایڈووکیٹ نے کہا کہ ضلع میں سیاحتی علاقوں میں گیسٹ ہاؤس قائم کرنے کے لیے خالصہ سرکار سے رقبہ لیا جائے تاکہ ضلع کے وسائل میں اضافہ ہو ، ممبران اپنے فنڈز سے مخصوص نشستوں کے حامل ممبران کے لیے فنڈز رکھیں ، ضلع میں چونگیوں کے حوالہ سے ٹینڈر لگائے جائیں ۔
یتیم اور بے سہارا لوگوں کے لیے فنڈز رکھے جائیں شعبہ سپورٹس کے مد میں بھی ممبران کی مد میں بھی فنڈز رکھے جائیں ، صحافی برادری کے لیے پریس کلب کی اراضی پر شلٹر کی تعمیر کے لیے بھی ضلع کونسل اقدامات کرے ہم بھرپور تعاون کریں گے ، ممبر ضلع کونسل بشیر عالم اعوان نے کہا کہ لیپا ویلی پسماندہ علاقہ اور ایل او سی پر قائم ہے لیپا ویلی کی تعمیر و ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں ، کلاوڈ برسٹ سے متاثرہ لیپا ویلی کے علاقوں کے عوام کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے اقدامات کیے جائیں ، ضلع کونسل کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ، جڑی بوٹی گھچی کی سمگلنگ کی روک تھام کی جائے ۔
ممبر ضلع کونسل شگفتہ روشن کیانی نے کہا کہ بی آئی ایس پی سے وابستگان خواتین کی بازاروں میں تذلیل ہوتی ہے ، ڈیوائسز مخصوص مقامات پر رکھی جائیں ، یونین کونسل گوہر آباد میں انتظار گاہیں بنائی جائیں ، ضلع کونسل ہنر مند خواتین کی بنائی گئی ہاتھ سے بنی چیزوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کرے ، ممبر ضلع کونسل ظفر شاہین نے کہا کہ حالیہ کلاوڈ برسٹ سے میرا گھر متاثر ہوا لیکن مجھے ملنے والے اٹھارہ لاکھ میں نے عوام کے لیے خرچ کیے ، ضلع کونسل بڑا ادارہ ہے ۔
تمام ضلعی محکموں تعلیم صحت اور زراعت سے متعلقہ زمہ داران کو بلا کر لوگوں کے مسائل حل کئے جائیں ممبر ضلع کونسل فرید مغل نے کہا کہ ضلع کونسل نے بہترین بجٹ بنایا تاہم مزید اصلاحات کی ضرورت ہے ، ممبر ضلع کونسل راجہ پرویز اقبال نے کہا کہ جملہ ممبران کی تجاویز نوٹ کر لی ہیں نظرثانی بجٹ میں کمیٹی بنا کر شامل کیا جائے گا ،ترقیاتی کمیٹی پانچ لوگوں پر مشتمل ہوگی ، راجہ پرویز اقبال چیئرمین ہوں گے ۔کوآرڈینیشن کمیٹی میں راجہ انور کو چیئرمین بنادیا گیا ، آفیسر تمام کمیٹیوں کا بطور ممبر حصہ ہوں گے ۔




