کسی کی خواہش پر ہم الیکشن وحلقہ کی سیٹ سے دستبردارنہیں ہوسکتے ،قاسم مجید

میرپور/چکسواری : وزیر امورمنگلا ڈیم و منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری قاسم مجید نے کہا ہے کہ کسی کی معصوم خواہش پر ہم الیکشن سے یا حلقہ کی سیٹ سے دستبردار نہیں ہو سکتے۔

جمعہ کے روزحلقہ میں مختلف سڑکوں کے افتتاح پر خطاب کرتے ہوئے قاسم مجید نے کہا کہ میں سیاسی کارکن ہوں سیاسی کارکن کسی کی گالی کا جواب گالی سے ہر گز نہیں دیتا۔میرے سیاسی حریف جو مجھ سے الیکشن ہارے ہوئے ہیں وہ مجھے بچھاڑنا چاہتے ہیں تو ووٹ کاراستہ اپنائیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے میرے والد محترم اور میرے حوالہ سے غیر پارلیمانی زبان استعمال کی ہم نے انھیں ان کی زبان میں کوئی جواب نہیں دیا بلکہ 72 گھنٹوں میں ان کے کارکنان کو توڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل کر کے جواب دیا۔

یہ بھی پڑھیں: چکسواری کی ترقی ، اتحاد اور عوامی مسائل کا حل میری ترجیح ہے : قاسم مجید

ہم اسی طرح جواب دیں گے۔آمدہ الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر شامل ہوں گے۔میں نے اور میری ٹیم نے جو محنت کی ہے ہم امید رکھتے ہیں کہ اس کا صلہ عوام ہمیں دے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے لوگ ہمارے بھائی ہیں۔کچھ باتیں ہم ان کی مانیں گے کچھ وہ ہماری مان لیں تو معاملات حل ہو سکتے۔ریاست ہم سب کی ہے اور ہم سب مل کر ہی اسے خوبصورت بنائیں گے۔

یاد رہے کہ بیرسٹر سلطان محمود کی صدر آصف زرداری اور پیپلزپارٹی میں شمولیت طے تھی لیکن آخری وقت پر وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا اور شمولیت رک گئی۔

ممکنہ طور پر چوہدری قاسم مجید کا پیغام بھی بیرسٹر سلطان محمود اور ان کے بیٹے یاسرسلطان کیلئے ہوسکتاہےکیونکہ قاسم مجید کے بھائی معیز مجید پی پی کے ٹکٹ پر میرپور شہر سے الیکشن لڑنے کااعلان کرچکے ہیں ۔

دوسری طرف بیرسٹر سلطان کی پیپلزپارٹی میں شمولیت بھی اسی شرط پر ہوگی کہ میرپور شہر سے ان کے بیٹے یاسر سلطان کو ٹکٹ ملے۔آنیوالے دنوں میں اونت کس کروٹ بیٹھتا ہے یہ وقت بتائے گا۔

Scroll to Top