پورٹو سانت ایلپیڈیو (اٹلی) – 17 جولائی 2025:دنیا کے معروف مہم جو اور خلا سے چھلانگ لگا کر عالمی شہرت پانے والے آسٹریا کے فیلیکس بومگارٹنر اٹلی میں ایک پیراگلائیڈنگ حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
56 سالہ بومگارٹنر نے جمعرات کو اٹلی کے ساحلی شہر پورٹو سانت ایلپیڈیو میں پیراگلائیڈر پر قابو کھو دیا، جس کے بعد وہ لی میموس فیملی کیمپنگ ولیج کے سوئمنگ پول کے قریب ایک لکڑی کے ڈھانچے سے ٹکرا گئے۔ اطالوی میڈیا کے مطابق، حادثے کے وقت وہ فضا میں ہی بے ہوش ہو چکے تھے اور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے میں ایک خاتون ہوٹل ملازم بھی زخمی ہوئی، جسے گردن پر چوٹ لگنے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ شہر کے میئر ماسیمیلیانو سیارپیلا نے سوشل میڈیا پر بومگارٹنر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا:”ہماری کمیونٹی ایک عالمی شخصیت، بہادری اور فلائنگ کا جنون رکھنے والے انسان کے اچانک نقصان پر گہرے دکھ میں ہے۔” دلچسپ بات یہ ہے کہ حادثے سے محض دو گھنٹے قبل بومگارٹنر نے انسٹاگرام پر “Too much wind” (ہوا بہت تیز ہے) کے کیپشن کے ساتھ ایک پوسٹ کی تھی، جو بعد ازاں معنی خیز ثابت ہوئی۔
آسمان سے خلا تک، بومگارٹنر کا ناقابلِ فراموش سفر:
فیلیکس بومگارٹنر نے صرف 16 سال کی عمر میں پہلا پیراشوٹ جمپ کیا اور بعد ازاں آسٹریا کی فوج میں پیراشوٹنگ کے شعبے میں خدمات انجام دیں۔ 1990 کی دہائی میں انہوں نے بیس جمپنگ میں قدم رکھا اور جلد ہی انتہاپسند کھیلوں کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔1999 میں انہوں نے ملیشیا کے پیٹرو ناس ٹاورز سے بیس جمپ کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا، اسی سال برازیل میں ‘کرسٹ دی ریڈیمر’ کے مجسمے سے بھی چھلانگ لگا کر دنیا کو حیران کر دیا۔ انھوں نے2003 میں وہ ایک خصوصی کاربن ونگ سوٹ پہن کر جہاز سے چھلانگ لگائی اور انگلش چینل کو فری فال کے ذریعے عبور کرنے والے پہلے انسان بن گئے۔
فیلیکس بومگارٹنر کو عالمی شہرت 2012 میں اُس وقت ملی جب انہوں نے ریڈ بل اسٹریٹوس پراجیکٹ کے تحت تاریخ کا سب سے بڑا اور جرات مندانہ کارنامہ سر انجام دیا۔ انہوں نے امریکی ریاست نیو میکسیکو کے صحرا میں زمین سے تقریباً 39 کلومیٹر بلندی پر ہیلیم غبارے کی مدد سے پہنچ کر خلا سے چھلانگ لگائی۔ اس غیر معمولی فری فال میں وہ آواز کی رفتار عبور کرنے والے دنیا کے پہلے انسان بنے اور 1,357 کلومیٹر فی گھنٹہ (Mach 1.25) کی رفتار حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تین عالمی ریکارڈ قائم کیے: سب سے زیادہ بلندی سے چھلانگ (38,969 میٹر)، سب سے طویل فری فال (36,402 میٹر) اور فری فال میں آواز سے تیز رفتار حاصل کرنے کا کارنامہ۔ یہ ناقابلِ یقین مہم ریڈ بل کے تعاون سے مکمل ہوئی، جس نے ان کے انتقال کی تصدیق بھی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے محمد آصف ورلڈ ماسٹرز سنوکر چیمپئن بن گئے