عباس پور میں برابری کی بنیاد پر تبدیلی لائیں گے:سردار امجد یوسف کی پریس کانفرنس

Pakistan SCO Summit 2026

پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اسمبلی حلقہ عباس پور سردار امجد یوسف نے کہا ہے کہ وہ برادری یا خاندانی وابستگی کے بجائے برابری کی بنیاد پر سیاست پر یقین رکھتے ہیں، اور ان کا مقصد حقیقی معنوں میں تبدیلی لانا ہے۔ وہ پیر کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

سردار امجد یوسف نے کہا کہ وہ عوام کے مساوی حقوق اور یکساں ترقی پر یقین رکھتے ہیں اور اسی وژن کے ساتھ سیاسی میدان میں قدم رکھا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر عوام نے اُن پر اعتماد کیا، تو پہلے سال کے دوران عباس پور میں نیا گرڈ اسٹیشن قائم کیا جائے گا، اور 50 کلومیٹر طویل سڑکوں کی ری کنڈیشننگ کی جائے گی تاکہ بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کا انتخابی منشور تین نکات پر مبنی ہے: ترقی، برابری اور عوامی خدمت۔ ان کے بقول وہ ذاتی مفادات کے بجائے عوامی فلاح کو ترجیح دیں گے، اور وہ مسائل حل کریں گے جو برسوں سے نظر انداز ہوتے آئے ہیں۔

سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے سردار امجد یوسف نے چوہدری یاسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “گلشنِ مفروروں” سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو چہرے عوامی احتساب سے راہِ فرار اختیار کیے ہوئے ہیں، وہ سب کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ “ہم بھی انہیں جانتے ہیں اور مفرور بھی۔”

یہ بھی پڑھیں: فرانسیسی صدر نے پاک بھارت جنگ کو دہائیوں کی سب سے شدید فضائی لڑائی قرار دے دیا

یاد رہے کہ عباس پور کے عوام طویل عرصے سے بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی کمی کا شکار ہیں، ایسے میں سردار امجد یوسف کا برابری اور ترقی کا پیغام لوگوں میں پذیرائی حاصل کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026