فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کو حالیہ دہائیوں کی سب سے شدید فضائی لڑائیوں میں شامل کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر نے اتوار کو فرانس کے دفاعی اخراجات میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2017 میں فوجی بجٹ 32 ارب یورو تھا جسے 2027 تک بڑھا کر 64 ارب یورو کر دیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ ہدف پہلے 2030 کے لیے مقرر تھا، تاہم اب اسے تین سال قبل حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صدر میکرون نے دفاعی بجٹ بڑھانے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے عالمی منظرنامے کا حوالہ دیا اور کہا کہ حالیہ مہینوں میں ایران پر بمباری، یوکرین جنگ اور بھارت و پاکستان کے درمیان جھڑپیں دیکھنے میں آئیں، جن میں حالیہ دہائیوں کی شاید سب سے شدید فضائی لڑائی بھی شامل تھی۔
صدر میکرون کا کہنا تھا کہ اس دنیا میں آزاد رہنے کے لیے طاقتور ہونا ضروری ہے اور اس کے لیے قوم کو مضبوط بنانا ہو گا۔
یاد رہے کہ رواں برس 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پانچ مختلف مقامات پر حملے کیے تھے، جن کا پاکستانی فورسز نے بھرپور جواب دیا تھا اور بھارت کے پانچ جنگی طیارے بھی مار گرائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں الیکٹرک بائیکس پر اربوں روپے کی سبسڈی کا منصوبہ تیار!
رپورٹس کے مطابق بھارت کی جارحیت کے باوجود پاکستان نے خبردار کیا تھا، لیکن بھارتی ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں کی کوششیں بھی کی گئیں۔ اس کے جواب میں پاکستان نے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی بھارتی ایئر فیلڈز کو نشانہ بنایا، جب کہ مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام معطل کیا گیا اور بھارتی ملٹری سیٹلائٹ کو بھی جام کر دیا گیا۔




