پاکستان کے جیولن تھرو چیمپئن ارشد ندیم اور بھارت کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا ایک سال بعد ایک بار پھر عالمی میدان میں آمنے سامنے آنے کو تیار ہیں۔ دونوں حریف اگلے ماہ پولینڈ میں ہونے والے ڈائمنڈ لیگ ایونٹ میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گے، جو کہ پیرس اولمپکس کے بعد ان کا پہلا براہِ راست مقابلہ ہوگا۔
اس بین الاقوامی ایونٹ کا اعلان ڈائمنڈ لیگ نے 9 جولائی کو ایک پریس ریلیز کے ذریعے کیا، جس میں بتایا گیا کہ 16 اگست کو پولینڈ میں ہونے والے مقابلے میں دنیا کے صفِ اول کے ایتھلیٹس شریک ہوں گے۔ اس میں کینیا کی اسٹار رنر فیتھ کیپیگون کے ساتھ ساتھ ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا بھی شامل ہیں، جن کے درمیان ہونے والا جیولن مقابلہ شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہا ہے۔
یہ دلچسپ مقابلہ ایسے وقت پر ہورہا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تناؤ اپنے عروج پر ہے، اور کھیل کے میدان میں دونوں ممالک کے مابین سخت مقابلے ایک علامتی حیثیت اختیار کرچکے ہیں۔ اسی تناظر میں ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی ٹکر کو ’پیرس اولمپکس کے بعد بدلہ لینے کا پہلا موقع‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ہونے والے پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیرج چوپڑا کو پیچھے چھوڑ کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا، جس کے بعد دونوں ایتھلیٹس کا دوبارہ آمنا سامنا ہونا تاحال ممکن نہیں ہو سکا تھا۔
پریس ریلیز کے مطابق، نیرج چوپڑا رواں سال بہار میں 90 میٹر سے زیادہ جیولن پھینک چکے ہیں اور اب اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ حال ہی میں بھارت میں ہونے والے پہلے عالمی معیار کے ایتھلیٹکس ایونٹ ’نیرج چوپڑا کلاسک‘ میں بھی وہ گولڈ میڈل حاصل کر چکے ہیں۔
دوسری جانب ارشد ندیم نے مئی میں جنوبی کوریا کے شہر گومی میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران 86.4 میٹر جیولن پھینک کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ان کی فارم کو لے کر یورپی مبصرین کے ہاں اگرچہ کچھ سوالات موجود ہیں، تاہم وہ خصوصی طور پر نیرج چوپڑا کے ساتھ مقابلے کے لیے یورپ آئیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ارشد ندیم کو نیرج چوپڑا نے اپریل میں ہونے والے ’نیرج چوپڑا کلاسک‘ میں بھی شرکت کی دعوت دی تھی، تاہم مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں مبینہ فالس فلیگ حملے کے بعد اس دعوت پر شدید اعتراضات اٹھائے گئے، جس کے بعد ارشد ندیم نے ایونٹ میں شرکت سے معذرت کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں فلڈ کنٹرول رومز قائم، محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا
ذرائع کے مطابق، دونوں ایتھلیٹس کے درمیان ایک اور بڑا مقابلہ 27 اگست کو زیورخ میں ہونے والے ڈائمنڈ لیگ فائنل میں بھی متوقع ہے، جو سال کے اہم ترین ایونٹس میں شمار کیا جا رہا ہے۔




