وادی نیلم میں دیودار کی لکڑی کی اسمگلنگ ناکام، سیاسی شخصیت اور ان کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج

آزاد کشمیر کے ضلع نیلم میں پولیس نے دیودار کی قیمتی لکڑی کی غیر قانونی نقل و حمل کی کوشش ناکام بناتے ہوئے معاملے کی تہہ تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی ہے، جس میں ایک سیاسی شخصیت اور ان کے بیٹے کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق وادی نیلم میں رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دیودار کی قیمتی لکڑی کی اسمگلنگ کی جا رہی تھی۔ اسمگلروں نے لکڑی سے بھری جیپ کٹھہ پیراں سے اٹھمقام منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو راستے میں روک کر قبضے میں لے لیا۔ جیپ کے ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کیا گیا اور ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ لکڑی منتخب ڈسٹرکٹ کونسلر سردار لیاقت اور ان کے بیٹے عبداللہ مدنی کی ملکیت ہے۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور کے پاس لکڑی کی نقل و حمل سے متعلق کوئی قانونی اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔

پولیس نے گاڑی، ڈرائیور اور مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے 06 FR اور 14 EHA کی دفعات شامل کی ہیں۔ مزید قانونی کارروائی کے دوران پولیس نے عبداللہ مدنی کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی کورئیر کالز کا نیا حربہ! پی ٹی اے نے شہریوں کو او ٹی پی فراڈ سے خبردار کر دیا

ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مقامی سطح پر جنگلات کی کٹائی اور قدرتی وسائل کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن کا حصہ ہے، جس کا دائرہ مزید وسیع کیے جانے کا امکان ہے۔

Scroll to Top