بھمبر:ضلع بھمبر میں ناقص موبائل سروس پر ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز نے نوٹس لیتے ہوئے متوقع عوامی احتجاج سے قبل موبائل فون سروس کمپنیوں ٹیلی نار اورموبی لنک کو ایک ہفتے کے اندر سروس بہتر کرنے کا الٹی میٹم دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ مشاہدہ میں آیاہے کہ ضلع ہذا کی ہر سب ڈویژن بھمبر، سماہنی، برنالہ میں موبائل سروس انتہائی ناقص ہے۔
ٹیلی نار ، موبی لنک کے صارفین کو اپنے فون پر سگنلز نہ ہونے کی شکایات رہتی ہیں۔ ناقص نیٹ ورک کی وجہ سے صارفین کو روز مرہ رابطہ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اورہنگامی حالات میں بھی رابطہ کاری میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بیٹھک، ناقص موبائل سروس کیخلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے، مزاحمتی تحریک کا اعلان
انہوں نے کہا کہ سیلولر کمپنیوں نے اپنے کاروبار کے فروغ کیلئے ضلع ہذا میں فرنچائز ز قائم کر رکھی ہیں اور ٹاور ز بھی نصب شدہ ہیں لیکن ضلع ہذا میں کمپنیوں کا کوئی بھی شکایت/کمپلین آفس قائم نہیں کیا گیا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر نے مراسلہ میں کہا ہے کہ کمپنیوں کی جانب سے 100روپے کے کارڈ 35فیصدسے زائد رقم کاٹ لی جاتی ہے اس کے باوجود بجلی لوڈشیڈنگ کے دوران ٹاور بند کردیئے جاتے ہیں اور 4G کے نام پر صارفین کو 26 اور 36 سروس مہیا کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ناقص انٹرنیٹ سروس،عوام کا موبائل کمپنی کے ٹاورکا گھیر او، تحریک چلانے کا اعلان
ڈپٹی کمشنر نے سوال اٹھایا کہ یہ بات عیاں ہو رہی ہے کہ کمپنیوں کو عوام کی شکایات کا احساس نہیں ہے،کئی بار لوگ احتجاج کی کال بھی دے چکے ہیں جس سے امن وامان کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے۔
کمپنیاں ہفتہ کے اندرسروسز بہترکریں تاکہ کشیدگی کم ہوسکے ، اس ضمن میں کی جانے والی کارروائی کی نسبت دفتر ہذا کو مطلع کیا جائے۔