حارث رؤف انجری کا شکار،میجر لیگ سے آئوٹ،بنگلادیش کیخلاف سیریز میں شرکت بھی خطرے میں پڑ گئی

پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف انجری کے باعث امریکا کی میجر لیگ کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

امریکا کی میجر لیگ کرکٹ میں ٹیم سان فرانسسکو یونیکارنز نےتصدیق کی ہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے ہیں۔

ٹیم سان فرانسسکو یونیکارنز کا کہنا ہے کہ حارث رؤف انجری کی وجہ سے میجر لیگ کرکٹ کے بقیہ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

حارث رؤف کی جگہ نیوزی لینڈ کے بین لسٹر کو فوری طور پر متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

حارث رؤف میجر لیگ کرکٹ 2025 میں سان فرانسسکو یونیکارنز کی نمائندگی کرتے ہوئے سب زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔انہوں نے 8 میچز میں 17 وکٹیں لی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارے بیٹرز ماڈرن ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں، حارث رؤف نے حکمتِ عملی کا بتا دیا

انجری کے باعث حارث رؤف کی رواں ماہ بنگلادیش کیخلاف سیریز میں شرکت خطرے میں پڑ گئی ہے۔

فاسٹ بولر حارث رؤف کی فوری طور پر پاکستان کرکٹ ٹیم میں بھی شمولیت کے امکانات نہیں ہیں۔وہ کم از کم بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

البتہ اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے اب تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ دورۂ بنگلا دیش کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا کیمپ 8 جولائی سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لگے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم 16 جولائی کو بنگلا دیش روانہ ہوگی۔دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 20 جولائی سے شروع ہوگی ۔

Scroll to Top