اسلام آباد : آزادکشمیر کی بدلتی سیاسی صورتحال پر مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی قیادت بھی متحرک ہو گئی ہے اور لائحہ عمل تشکیل دینے کیلئے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
اسی سلسلہ میں وفاقی وزیر امور کشمیر ،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اہم ملاقات کی۔
مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق اور سابق وزیر حکومت سردار نجیب نقی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
ملاقات کے دوران آزادکشمیر کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن بڑی سیاسی قوت ہے جو قائد پاکستان میاں نواز شریف کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کریگی ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ترقی ،خوشحالی اور امید کا نام ہے ،میں نے آزادکشمیر کے جتنے دورے کئے میں نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں ولولہ اور جوش دیکھا جو ان کی نواز شریف اور شہباز شریف سے محبت کا عکاس ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: سی ای او سینٹورس یاسر الیاس مسلم لیگ ن میں شامل، معاون خصوصی وزیراعظم برائے ٹورازم بنائے جانے کا امکان
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا ۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر قائد پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد و منظم ہے اور ہر حلقے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار مضبوط ترین پوزیشن میں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آزادکشمیر میں تین دانش سکول دیکر تعلیمی انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ مریم نواز نے اپنے دور اقتدار میں پنجاب کو بدل کر رکھ دیا ہے اور اپنے والد کے مشن کو لے کر آگے بڑھ رہی ہیں ۔
انہوں نے کہا ہم الحاق پاکستان کے داعی ہیں اور انشاءاللہ پوری ریاست جموں وکشمیر کا الحاق پاکستان سے ہو کر رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: صدرمملکت آصف زرداری سے سردار تنویر الیاس کی ملاقات،پیپلزپارٹی میں باضابطہ شمولیت کااعلان
یاد رہے کہ سردار تنویرالیاس کے بعد رفیق نیئر اور جاوید بٹ نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے جبکہ بیرسٹر سلطان گروپ کے بھی پیپلزپارٹی سےمعاملات طے پا چکے ہیں۔
مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے تنویر الیاس کے بھائی یاسر الیاس کو مسلم لیگ ن میں شامل کرا دیا ہے اور مزید لوگوں کی شمولیت کیلئے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔