ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل نیوز)ہیوی پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب شروع،گرڈ سٹیشن ہٹیاں بالا تین روز کے لیے مکمل طور پر بند کردیا ۔جہلم ویلی کے سینکڑوں علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم ویلی بھر میں بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے تیس کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 20 تا 26 میگاواٹ ہیوی پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب ایکسین برقیات جہلم ویلی احتشام قریشی کی نگرانی میں ہفتہ کی صبح سات بجے گرڈ سٹیشن ہٹیاں بالا کو مکمل طور پر بند کر کے شروع کردی گئی۔
محکمہ برقیات اوپریشن ڈویژن جہلم ویلی کے بذیل علاقہ جات ہٹیاں بالا، لانگلہ،سیری،چکارکھاوڑہ، دھنی بقالاں، بنی حافظ، سینا دامن، بنی لنگڑیال، چناری، چکوٹھی، سراں، چھٹیاں، بھاگسر، اسلام آباد، کنیناں، نوشہرہ،ککڑواڑہ، کائی منجہ،د چھور میراں سمیت ملحقہ سیکڑوں علاقے بوجہ شٹ ڈاؤن تین دن تک متاثر رہیں گے۔۔
ایکسین برقیات جہلم ویلی احتشام قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب سے جہلم ویلی بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور کم وولٹیج میں بہتری آئے گی ۔۔
صارفین سے التماس ہے کہ دوران شٹ ڈاؤن محکمہ برقیات سے تعاون کریں، تانکہ آئے روز کی لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسئلہ سے صارفین کی جان چھوٹ پائے،ایکسین برقیات نے مزید کہا کہ ہیوی ٹرانسفارمر کی تنصیب کے لیے دو ٹیمیں بغیر کسی وقفہ کے دن رات کام کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔۔
کم سے کم تین روز میں ٹرانسفارمر کی تنصیب کا عمل مکمل ہو گا،اس دوران عوام صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ برقیات جہلم ویلی کے ساتھ مکمل تعاون کریں،ہماری بھرپور کوشش ہے کہ جتنا جلدی ممکن ہو ٹرانسفارمر کی تنصیب کا عمل مکمل ہو۔۔
دوسری طرف عوامی حلقوں نے گرڈ سٹیشن پر نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے محکمہ برقیات اور واپڈا سے مطالبہ کیا ہے کہ گرمی کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے کم سے کم وقت میں ٹرانسفارمر کی تنصیب کا عمل یقینی بنایا جائے تانکہ عوام کو کم سے کم وقت بجلی بندش سے پیدا ہونے والی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔۔۔