ایس سی او کانفرنس میں سبکی پربھارت تلملا اٹھا،عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کرائے، خواجہ آصف

بیجنگ/اسلام آباد: ایس سی او کانفرنس میں بھارت کو اس وقت سبکی کا سامنا کرنا پڑا جب بھارتی کوششوں کے باوجود مشترکہ اعلامیہ میں پہلگام واقعہ کا ذکر نہ کیا گیا جس پر بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے مشترکہ اعلامیہ پردستخط کرنے سے انکار کردیا۔

بھارتی وزیر دفاع کی تقریر کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھرپور جواب دیا اور عالمی برادری پر کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ مسائل کا پرامن حل یقینی بنانے پر زوردیا۔

خواجہ آصف نے ایس سی اوکے اصولوں اور مقاصد سے پاکستان کی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا جبکہ عالمی سطح پر جاری تنازعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

وزیر دفاع نے ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز اور غیرقانونی فوجی کارروائیوں کی مذمت کی ، انہوں نے غزہ میں پرتشدد کارروائیوں اور انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ میں فوری طور پرمستقل جنگ بندی نافذ کی جائے، عالمی برادری مسئلہ کشمیر وفلسطین جیسے دیرینہ حل طلب تنازعات کا پُرامن حل یقینی بنائے، ایسے حل طلب تنازعات عالمی امن و سلامتی کیلئے مستقل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے جیسے جنگ رکوائی ویسے مسئلہ کشمیر بھی حل کرے، خواجہ آصف

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دہشتگردی مشترکہ خطرہ ہے جس سے اجتماعی طور پر نمٹنےکی ضرورت ہے، تمام ریاستیں دہشتگردی کےخلاف مشترکہ کوششوں کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کریں، خطے کی پائیدار خوشحالی کے مشترکہ وژن کے حصول کےلیے پر امن اور مستحکم افغانستان ضروری ہے۔

ادھر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایس سی او میں بھارت کےعلاوہ تمام ممالک نے پاکستان کی حمایت کی، بھارتی وزیر چاہتے تھے پاکستان کے خلاف بیان جاری کرے۔

بھارتی وزیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی اور پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اپنی تقریر میں مقبوضہ کشمیر، سمجھوتا ایکسپریس سانحے اور بلوچستان میں دہشت گردی کا بھرپور ذکر کیا جبکہ بھارت کی پاکستان مخالف کوششیں ناکام ہو گئیں۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ ان کی تقریر سے قبل بھارتی وزیر دفاع اجلاس سے خطاب کر چکے تھے، لیکن ان کی تقریر کے بعد بھارتی وزیر نے دوبارہ بولنے کی اجازت مانگی تاکہ پاکستان کے خلاف بیان دیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کسی عالمی جوہری نظم و ضبط کا پابند نہیں،دنیا کو فکر مند ہونا چاہیے، خواجہ آصف

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارتی وزیر اجلاس میں پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم دیگر تمام رکن ممالک نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی اور بھارت کو تنہا کر دیا۔

انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

ادھر بھارتی میڈیانے بھی تصدیق کی ہے کہ ایس سی او مشترکہ اعلامیے میں بھارت پربلوچستان میں بالواسطہ بدامنی پھیلانےکا الزام بھی لگایا گیا ہے۔

Scroll to Top