قطر میں ایرانی میزائل حملہ: العُدید امریکی اڈہ کیوں اہم ہے؟

ایران نے امریکی حملے کے ردعمل میں قطر میں واقع امریکی فوجی اڈے العُدید ایئر بیس کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے، جسے مشرق وسطیٰ میں امریکا کی عسکری حکمت عملی کا مرکز تصور کیا جاتا ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ میزائلوں نے العُدید ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب قطر نے کچھ ہی دیر پہلے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جب کہ تین روز قبل امریکی ذرائع سے یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ 40 جنگی طیارے العُدید اڈے سے منتقل کر دیے گئے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق العُدید ایئر بیس قطر کے دارالحکومت دوحہ کے جنوب مغرب میں واقع ہے اور تقریباً 60 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ نہ صرف امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے بلکہ امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کا فارورڈ ہیڈکوارٹر بھی یہیں موجود ہے۔

یہ بھی  پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، مون سون کا پہلا سپیل 24 جون سے متحرک ہوگا

یہ بیس 1996 میں قطر اور امریکا کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت قائم کیا گیا تھا اور اس وقت یہاں 10 ہزار سے زائد امریکی و اتحادی افواج تعینات ہیں۔ یہ اڈہ عراق، شام اور افغانستان میں امریکی فضائی کارروائیوں میں مرکزی کردار ادا کرتا آیا ہے۔ یہاں B-52 بمبار طیاروں سمیت دیگر بھاری طیاروں کے لیے مکمل رن وے اور سہولیات بھی دستیاب ہیں۔

Scroll to Top