واشنگٹن: فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورۂ امریکہ کے دوران اوورسیز پاکستانیوں نے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے قومی یکجہتی، محبت اور اعتماد کا بھرپور اظہار کیا۔
دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی نے آپریشن بنیان مرصوص المعروف معرکۂ حق میں پاک فوج کی شاندار کارکردگی، پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت کو سراہا۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں نے نہ صرف اپنی تجاویز اور تجربات کا تبادلہ کیا بلکہ پاکستان کے دفاع اور ترقی کے لیے فوجی قیادت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
جنرل عاصم منیر نے سمندر پار پاکستانیوں کی ملک سے وابستگی، معاشی کردار اور عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے رقوم کی ترسیل، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں نمایاں کردار پر اوورسیز پاکستانیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سمندر پار پاکستانی پاکستان کے اصل سفیر ہیں اور ان کے ساتھ مسلسل روابط اور اشتراکِ عمل وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مشترکہ چیلنجز کا سامنا کیا جا سکے اور قومی ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں پے در پے فضائی حادثات: فضائی نظام کی ناکامی اورتربیت کا فقدان
یہ ملاقات قومی یکجہتی، تعاون اور مضبوط پاکستان کی جانب نئے عزم اور جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔