تہران سے پاکستانی طلبا کی واپسی کا آغاز، چھ بسیں تفتان بارڈر کی جانب روانہ

تہران: اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدہ صورتحال کے باعث ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ تہران میں موجود پاکستانی طلبا و طالبات کا قافلہ بالآخر تفتان بارڈر کے لیے روانہ ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی طلبا کو لے کر 6 بسیں تفتان بارڈر کی طرف روانہ ہوئی ہیں۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتان بارڈر پر آج شام 4 بجے کے بعد بھی راہداری دی جائے گی تاکہ پاکستانی شہری بارڈر کراس کر سکیں۔ اتوار کے روز 180 پاکستانی شہریوں نے سرحد عبور کی، جن میں 168 زائرین اور 12 تاجر شامل تھے۔

ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے بتایا کہ وہ سرکاری ملاقاتوں کے سلسلے میں اس وقت پاکستان میں موجود ہیں، تاہم تہران میں پاکستانی سفارتخانہ، مشہد اور زاہدان میں قونصل خانے، اور وزارت خارجہ اسلام آباد میں قائم خصوصی یونٹ ایرانی سرزمین پر موجود پاکستانیوں کو مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ مدثر ٹیپو نے پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے ان دفاتر کے نمبرز اور ای میلز سوشل میڈیا پر شیئر کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی زائرین کی حفاظت اولین ترجیح ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا بیان

ادھر صورت حال کے پیش نظر ایران سے متصل پنجگور کے دونوں کراسنگ پوائنٹس غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان فضائی آپریشن بھی معطل ہے۔

وزارت داخلہ نے موجودہ حالات کے پیش نظر شہریوں کو ایران کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

Scroll to Top