راولاکوٹ(کشمیرڈیجیٹل)محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کے تحت 950 کے قریب سٹاپ گیپ ایگریمنٹ کے تحت تعینات درجنوں اساتذہ نے ویٹنگ میرٹ لسٹ کی بحالی اور مستقل کیئے جانے کا مطالبہ کر دیا۔
محکمہ کی جانب سے ایک عدالتی فیصلہ ”عاقب بنام آزاد حکومت“ کو ہوم ڈیپارٹمنٹ سے متعلقہ قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کے اطلاق کو این ٹی ایس پاس سٹاپ گیپ ایگریمنٹ کے تحت تعینات کیئے جانے والوں کے خلاف ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے چیف سیکرٹری، وزیر اعظم آزاد کشمیر، وزیر تعلیم ،سیکرٹری تعلیم سمیت دیگر ذمہ داران سے مستقلی کیلئے اقدامات پر زور دیا گیا ہے اور دھمکی بھی دی گئی ہے کہ اگر ہمارا حق ہمیں نہ دیا گیا تو ہم احتجاج کیلئے سڑکوں کا رخ کرنے پر مجبور ہوں گے۔
غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے این ٹی ایس پاس سٹاپ گیپ ایگریمنٹ کے تحت تعینات اساتذہ طاہر زمان، عبدالصبور خان، سعیدہ کوثر، ذوالفقار شوکت، امتیاز احمد و دیگر نے کہا کہ بی ایس اور اینوول سسٹم کی وجہ سے ہمیں پہلے ہی بری طرح متاثر کیا گیا
عارضی تقرریاں ہمارے اور ہمارے خاندانوں کے مستقبل کے ساتھ ایک مذاق ہے، تعلیم یافتہ نوجوان مقابلے کا امتحان پاس کرنے کے بعد سٹاپ گیپ ایگریمنٹ کے تحت تعینات کیئے گئے۔
حیلے بہانے اور ایسے عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیا جارہاہے جو ہمارے محکمہ سے متعلق نہیں ہیں۔ 2017,2018 اور 2021 کی طرز پر میرٹ کو بحال کیا جائے اور سابقہ کسی بھی طرح کے فیصلوں کو ہم پر مسلط نہ کیا جائے۔
ہمیں ذہنی اذیت سے دوچار کیا جارہاہے ، ہم پہلے ہی مختلف اہم عہدوں سے استعفے دے کر این ٹی ایس کی طرف گئے ، این ٹی ایس کوالیفائی کرنے کے بعد اپنی اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر ہم یہاں تک پہنچے اور اب ہمارے مستقبل کے ساتھ مذاق کیا جارہاہے۔
ایڈھاک اور عارضی پالیسی حکومت کیلئے بھی نقصان دہ ہے جس کے تحت تعینات کیئے جانے والوں کو اگر ان کا حق نہیں دیا جاتا تو وہ عدالت کا رخ کرتے ہیں اور یوں جب تک عدالت سے کیس خارج ہوتا تب تک نہ ہی این ٹی ایس منعقد ہوسکتا ہے اور نہ ہی پی ایس سی، ایسی بے شمار مثالیں موجود ہیں اور اگر ہمارے ساتھ بھی ایسا ہی کیا گیا تو ہم بھی عدالت سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے اور اپنا حق لینے کیلئے سڑکوں کا بھی رخ کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہیکہ متعلقہ حکام ہمارے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے ہمیں اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر ہمارا حق ہمیں دیں گے اور ایسی کوئی بھی زیادتی ہمارے ساتھ نہیں کی جائے گی جس کی بنیاد پر ہمارا اور ہمارے خاندان کا مستقبل داؤ پر لگ جائے۔ ناقص پالیسیوں کا ملبہ ہم پر نہ ڈالا جائے بلکہ راولاکوٹ، باغ، حویلی سمیت آزاد کشمیر بھر سے سینکڑوں سٹاپ گیپ ایگریمنٹ کے تحت تعینات کیئے جانے والوں کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے تمام سٹاپ گیپ ایگریمنٹ کے تحت تعینات اساتذہ اپنی محنت اور صلاحیت کی بنیاد پر یہاں تک پہنچے اور اپنی اپنی جگہوں پر بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں جو حکومت وقت اور دیگر متعلقہ ذمہ داران سے انصاف کے تقاضے پورے کیئے جانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ہمیں امید ہے ہمارے مسائل اور مطالبات کو سمجھا جائے گا اور ہمیں احتجاج اور عدالتوں کی طرف جانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ کسی بھی طرح کے ایسے ہتھکنڈوں سے باز رہا جائے جو ہمارے حقوق غصب کرنے کے مترادف ہوں اور ہمیں مستقل کرنے، ویٹنگ میرٹ لسٹ کو بحال کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ہمیں ہمارا حق مل سکے۔
اسرائیل کی فضائی حدود بند، بن گوریون ایئرپورٹ خالی کرا لیا گیا