کھوئی رٹہ(کشمیر ڈیجیٹل) پیر بڈیسر بیٹ، سہانہ بلاک، کمپارٹمنٹ نمبر 10، کوٹلی ڈویژن میں جنگل میں آگ لگانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ محکمہ جنگلات کے فیلڈ اسٹاف نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مجرموں کو موقع پر پکڑکر پولیس کے حوالے کردیا۔
اس جرم کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالتی کارروائی میں ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی، جس کے بعد ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ اس واقعے کو نہایت سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کو نقصان پہنچانا ناقابلِ معافی جرم ہے۔
عوام الناس کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ قدرتی ماحول کو نقصان پہنچانے، جنگلات کو آگ لگانے یا کسی بھی قسم کی تخریبی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔
اس ضمن میں سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے تاکہ آئندہ کوئی بھی قدرتی وسائل کو نقصان پہنچانے کی جرات نہ کرے۔
عوام سے بھی اپیل ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔اس موقع پر مہتمم جنگلات کوٹلی، عمران صادق نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ جنگلات ہماری بقا، ماحولیاتی توازن، اور آنے والی نسلوں کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ جنگلات کو نقصان پہنچانے والے عناصر نہ صرف فطرت کے دشمن ہیں بلکہ معاشرتی نظم و نسق کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
محکمہ جنگلات اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھا رہا ہے اور کسی کو بھی قدرتی وسائل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی میں محکمہ جنگلات کا ساتھ دیں تاکہ جنگلات کا تحفظ مؤثر طریقے سے ممکن بنایا جا سکے۔
ایران اسرائیل جنگ کے اثرات: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگیا