سعودی وزارت حج نے عمرہ ویزےدوبارہ جاری کرنے کا اعلان کردیا

سعودی وزارت حج و عمرہ نے کامیاب حج سیزن کے اختتام کے فوری بعد عمرہ ویزنے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عاجل نیوز کے مطابق وزارت نے بیان میں کہاکہ منگل 10 جون 2025 (14 ذوالحجہ 1447 ہجری) سے عمرہ ویزوں کے اجرا کا آغاز کردیا گیا ہے۔

وزارت نے نئے عمرہ سیزن کی تصدیق کرتے ہوئے عمرہ زائرین کی بدھ 11 جون سے سعودی عرب آمد کا امکان ظاہر کیا ہے۔

اس سے قبل وزارت نے کہا تھا کہ عمرہ ویزے بدھ 11 جون (15 ذوالحجہ 1447 ہجری) سے جاری کیے جائیں گے۔

وزارت نے بیان میں کہا’ سرکاری کیلنڈر کے مطابق عمرہ ویزوں کا اجرا 10 جون 14 ذو الحجہ سے ہوگا۔عمرہ کمپنیوں اور ٹور آپریٹرز کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ 27 مئی تک اپنے سروس معاہدوں کو حتمی شکل دے دیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ’عمرہ ویزے ماہ رمضان کے اختتام تک جاری کرائے جاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزارتِ حج و عمرہ کا انتباہ: غیر رجسٹرڈ اداروں سے لین دین نہ کریں

یکم شوال سے عمرہ ویزے بند ہونے کے بعد صرف جاری شدہ ویزا ہولڈرعمرے کےلیے 15 شوال 1447 ہجری تک مملکت آسکتے ہیں۔

عمرہ ویزوں پر مملکت آنے والوں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ آئندہ برس حج سیزن سے قبل یعنی 15 ذوالقعدہ 1447 ہجری تک اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں۔

وزارت حج و عمرہ نے اس سے قبل عمرہ سیزن 1447 کے کیلنڈر کا اعلان کیا تھا جس کے تحت مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی میں عمرہ زائرین کو خدمات فراہم کی جائیں گی۔

یاد رہے اس سال بھی وزارت حج نے وزارت داخلہ و دیگر وزارتوں کے تعاون سے بیرونِ ممالک کے لیے عمرہ اور وزٹ ویزوں کا اجرا رمضان کے وسط سے بند کردیا تھا۔

ویزوں کے اجرا پرعارضی پابندی کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنا تھا تاکہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں غیرضروری ازدحام نہ ہواور عازمین آرام و سکون سے فریضہ حج ادا کرسکیں۔

Scroll to Top