اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کے سلطان کو فون کیا، عید کی مبارک باد دی اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کے سلطان کو عید الاضحی پر مبارکباد دینے کے لیے ٹیلی فون کیا،گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سلطان ہیثم اور عمان کے لوگوں کو عید مبارک باد دی۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مسلم امت کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کی دعا کی اور غزہ کے لوگوں کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں :وزیراعظم شہبازشریف کا وزیراعظم آزادکشمیر کوفون،عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار
وزیر اعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ بحران کے دوران عمان کے موقف کا شکریہ ادا کیا اور کشیدگی میں کمی اور بات چیت کے لئے ان کی حمایت کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے سلطنت عمان کے ساتھ تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب وزیراعظم نے عمان کے سلطان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جس پر سلطان ہیثم نے دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم کو عمان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق دونوں دورے سفارتی ذرائع سے باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر ہوں گے۔




