اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) عید کے دوسرے دن لاہور سمیت پنجاب شدید گرمی کی لپیٹ میں آگیا ہےسورج نےآگ برسانی شروع کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، آج شہر میں کم از کم درجہ حرارت 29 ڈگری سیلسیس ہونے کی توقع ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کی توقع ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :عیدپر گرمی کا الرٹ جاری، کشمیر،گلگت بلتستان میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے دو دنوں میں لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہے گا جس سے شہریوں کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق آج سے 12 جون تک وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے وقت کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ ہونے کا امکان ہے ۔
جبکہ بالائی اور وسطی سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہو سکتا ہے،موسم کی پیشن گوئی کرنے والوں کے مطابق ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جہاں موسم انتہائی گرم ہوگا۔
گرمی کی اس شدید لہر میں کل ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر سبی میں 47 ڈگری سیلسیس تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں :حکومت آزادکشمیر کا موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے آپ کو شدید گرمی سے بچانے کے لئے پانی کا استعمال زیادہ کریں ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران سمندری ہوائیں دوبارہ شروع ہوں گی اور ہوا کی رفتار 20 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے جبکہ کم از کم درجہ حرارت 28.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔