مظفر آباد: صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی منظوری سے کنٹیجنٹ پیڈ سرکاری ملازمین کے لئے کم سے کم اجرت 25ہزارسے بڑھا کر 37ہزارروپے ماہانہ کر نے کا نوٹیفکیشن جا ری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے گزشتہ سال بجٹ میں کم ازکم تنخواہ 37 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی لیکن اس پر عملدرآمد سال گزرنے کے بعد بھی نہیں ہوسکا ہے۔
حکومت کی جانب سے اب گزشتہ روز ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ کنٹیجنٹ پیڈ سرکاری ملازمین کی ماہانہ اجرت بڑھا کر37 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
اضافے سے آزاد کشمیر بھر کے سرکاری اداروں میں کام کرنے والوں کو ماہانہ کم سے کم تنخواہ 37ہزارروپے ملا کریگی۔
یہ بھی پڑھیں: پرل ڈیوویلپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ کے ملازمین 6ماہ کی تنخواہ سے محروم ،گھروں میں فاقے
اسی طرح خود مختار اور نیم سرکاری محکموں کے ملازمین کے لئے ان کے بورڈ اضافے کی کارروائی کریں گے۔
اگلی مالی سال کا بجٹ کچھ دن بعد ہی متوقع ہےجس میں وفاقی حکومت کی جانب سے بنیادی تنخواہ میں مزید اضافے کا امکان ہے لیکن آزادکشمیر حکومت نے سال بعد ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔