مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)جماعت اسلامی آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ جس طرح دفاع وطن کے مورچے نے ہندوستان کو عبرت ناک شکست دے کر نریندرمودی کو دھول چاٹنے پر مجبور کیا اس پر سپہ سالار سمیت افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
آج اس عظیم فتح کے جشن کے طور پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کی کال پر مظفرآباد سے چکوٹھی تل زندہ باد پاکستان ریلی نکالی جائے گی۔
جماعت اسلامی زندہ باد پاکستان ریلی میں بھرپور شرکت کرے گی،اہلیان جہلم ویلی اور جماعت اسلامی کے ہر سطح کے افراد بھرپور شرکت کریں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جہلم ویلی اور مظفرآباد کے دورے کے دوران میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ عالمی برادری ہندوستان اور اسرائیل پر جنگی جرائم کے ارتکاب پر اقتصادی پابندیاں لگا کر کارروائی کرے۔
ہندوستان اور اسرائیل کشمیریوں اور فلسطینیوں کی نسل کشی کررہے ہیں،او آئی سی کے رکن ممالک خود بھی ہندوستان اور اسرائیل کا معاشی بائیکاٹ کریں اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کریں کہ اقوام متحدہ امن فوج بھیجے۔
انھوں نے کہا کہ جارح مودی کے عزائم کو خاک میں ملانے کے بعد پاکستان اور پاک فوج دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھی جارہی ہے ۔
پاک فوج نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے امن دستوں میں اہم کردار ادا کیا ہے اس موقع پر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے اہلیان جہلم ویلی سے اپیل کی ہے کہ وہ رندہ باد پاکستان ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔