سائبل سہیل کا سنہری کارنامہ: پاکستان کی پہلی گولڈ میڈلسٹ ویٹ لفٹر بن گئیں

پاکستان کی نامور پاور لفٹر سائبل سہیل نے دوحہ، قطر میں ہونے والی ایشین ویٹ لفٹنگ ماسٹرز چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ یہ کسی بھی پاکستانی خاتون کی اس چیمپئن شپ میں پہلی گولڈ میڈل کامیابی ہے اور یہ اعزاز سائبل نے اپنے بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ ڈیبیو پر حاصل کیا۔

سائبل سہیل نے 59 کلوگرام کیٹیگری میں 40 کلوگرام اسنیچ اور 55 کلوگرام کلین اینڈ جرک کے ساتھ مجموعی طور پر 95 کلوگرام وزن اٹھا کر پہلا مقام حاصل کیا۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے لیے بلکہ پاکستان کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے۔

سائبل سہیل، جو 31 برس کی ہیں، اس سے قبل کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کی فاتح رہ چکی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال ایشین کامن ویلتھ پاور لفٹنگ اور کامن ویلتھ پاور لفٹنگ ٹائٹلز جیتنے کے بعد اس خواب کو اپنا ہدف بنایا تھا کہ ایشین ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کا پرچم بلند کریں۔

دوحہ میں گفتگو کرتے ہوئے سائبل سہیل نے کہاکہ ان کا مقصد ہمیشہ سے اپنے ملک اور اپنے خاندان کا نام روشن کرنا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کھیل کے لیے انہوں نے اور ان کے گھر والوں نے بہت قربانیاں دی ہیں اور اب وہ چاہتی ہیں کہ ان کی محنت اور لگن کا صلہ ضرور ملے۔

سائبل سہیل لاہور کی کرسچن برادری سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ چار بہنوں میں سب سے بڑی ہیں۔ ان کی بہنیں ٹونکل سہیل، ورونیکا سہیل اور مریم سہیل بھی پاور لفٹنگ اور ویٹ لفٹنگ کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

گزشتہ برس ان چاروں بہنوں نے کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 15 گولڈ میڈلز حاصل کیے تھے جن میں سے چھ صرف سائبل کے حصے میں آئے۔ یہ ایک انوکھا اور یادگار خاندانی ریکارڈ ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

سائبل نے اپنی اس شاندار کامیابی کا سہرا اپنی بہن ٹونکل کو دیا جنہوں نے انہیں کھیل کی دنیا میں متعارف کروایا۔ انہوں نے اپنے کوچ راشد ملک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے لاہور میں پنجاب یونیورسٹی گراؤنڈ پر واقع کلب میں ان کی بھرپور رہنمائی کی۔

ٹوِنکل سہیل، جو خود بھی ایک کامیاب پاور لفٹر ہیں، نے کہا”سائبل نے پاور لفٹنگ میں شاندار کارکردگی کے بعد ویٹ لفٹنگ کا آغاز کیا اور یہ ان کا پہلا بین الاقوامی مقابلہ تھا۔ اس ڈیبیو میں گولڈ میڈل جیتنا ایک خواب کی تعبیر ہے اور ہمیں ان پر بے حد فخر ہے۔”

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: عیدالاضحیٰ کی رونقیں مویشی منڈیوں میں، مگر قیمتیں ہوش اُڑا دیں!

سائبل سہیل کی یہ جیت نہ صرف ایک تاریخی لمحہ ہے بلکہ یہ پاکستان کی خواتین کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے کہ عزم، محنت اور جدوجہد کے ذریعے ہر خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔

ان کی کامیابی پر سوشل میڈیا اور کھیلوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور کئی معروف شخصیات اور اداروں نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

Scroll to Top