میرپور: سابق چیئرمین احتساب بیورو، سینئر وکیل راجہ غضنفر علی ایڈووکیٹ اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں جس پر آزاد جموں و کشمیر بار کونسل نے آج بروز ہفتہ یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین احتساب بیورو، سینئر وکیل راجہ غضنفر علی ایڈووکیٹ کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیواثابت ہوا، مرحوم کی نماز جنازہ آج 31مئی بروز ہفتہ دن ساڑھے 11بجے نانگی میرپور میں اداکی جائیگی۔
راجہ غضنفر علی خان ایڈووکیٹ پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے بانی اراکین میں سے تھے وہ طویل عرصہ پیپلز پارٹی ضلع میرپور کے جنرل سیکرٹری بھی رہے، راجہ ممتاز حسین راٹھور کے قریبی ساتھیوں میں انکاشمارہوتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ آپریشن پر پروپیگنڈا مسترد،کسی صورت ایسے عناصر برداشت نہیں، ایس ایس پی پونچھ
راجہ غضنفر علی خان ایڈووکیٹ آزادکشمیر کے ایڈووکیٹ جنرل اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے جنرل سیکرٹری بھی رہے ہیں۔
ادھروائس چیئر مین آزاد جموں و کشمیر بار کونسل عقاب احمد ہاشمی ایڈووکیٹ نے راجہ غضنفر علی خان ایڈووکیٹ کی وفات پر مورخہ 31 مئی 2025 بروز ہفتہ کوآزاد کشمیر بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے ۔
وکلاء صاحبان بوجہ سوگ عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے ۔ وائس چیئر مین بار کونسل نے تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل بار ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ دن 12:00 بجے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے دعائیہ تقریبات کا اہتمام کریں ۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ پولیس مقابلہ،دہشتگرد غار میں چھپے تھے اور بڑی کارروائی کرنے کے درپے تھے، ایس ایس پی پونچھ