PM MEETING

وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی ترک صدرسے ملاقات، پاکستان کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا

استنبول، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ترکی پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر ترکی کے شہر استنبول پہنچے جہاں ترکی کے وزیر دفاع اور دیگر معززین نے ان کا استقبال کیا۔

ترکی پہنچنے کے بعد وزیر اعظم فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ ترک صدر سے ملاقات کے لیے صدارتی محل پہنچے،ترک صدر نے مہمانوں کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔بھارت میں ترکیہ مخالف مہم، پاکستانی تاجروں کا ترکیہ کی حمایت میں اہم اعلان

دونوں رہنماؤں کی ملاقات صدارتی محل میں وفد کی سطح پر ہوئی،وفد میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار،  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی شامل تھے۔

ترک صدر اردگان نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا،دونوں رہنماؤں کی ملاقات نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات   پر گفتگو کی جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی تھے ، وزیر اعظم نے جنوبی ایشیا میں حالیہ بھارتی کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت پر ترک حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے ترکی کے اصولی موقف اور ترک عوام کی خیر سگالی کو پاکستان کے لیے اطمینان اور طاقت کا ذریعہ قرار دیا۔

Scroll to Top