آرمی چیف کا فیلڈ مارشل بننا نیک شگون قرار، وزیر قانون آزاد کشمیر کا ردعمل

مظفرآباد : وزیر قانون آزاد کشمیر میاں عبدالوحید نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ دیے جانے کو پاکستان، آزاد کشمیر اور مقبوضہ وادی کے عوام کے لیے نیک شگون قرار دیا ہے۔

کشمیر ڈیجیٹل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف, صدر آصف علی زرداری اور وفاقی کیبنیٹ کے مشکور ہیں جنہوں نے یہ تاریخی اور بروقت فیصلہ کیا۔

میاں عبدالوحید کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر کی شجاعت، دانشمندی اور دلیری کے ہم خود عینی شاہد ہیں کیونکہ ہم بارڈر کے قریب رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو فیلڈ مارشل بنے ان کی کارکردگی سے ہم زیادہ واقف نہیں، مگر موجودہ فیلڈ مارشل نے دن کی روشنی میں جو کہا، وہ کر کے دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر اس سے بھی زیادہ کے حق دار تھے اور اس فیصلے سے نہ صرف فوج اور قوم کا مورال بلند ہوا بلکہ دشمن کو بھی واضح پیغام ملا۔ وزیر قانون نے کہا کہ یہ فیصلہ وقت کی اہم ضرورت تھا اور ہم فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دل کی اتھا گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری کمیونٹی کے لیے فخر کا لمحہ ،ڈاکٹر زاہد چوہان کو ’’فری مین آف اولڈھم‘‘ کا اعلیٰ شہری اعزاز حاصل

آخر میں میاں عبدالوحید نے کہا کہ میری دعا ہے کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی کی صبح نصیب ہو۔

Scroll to Top