کوٹلی/کھوئیرٹہ:وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز مصطفی کمال نے پیر کے روز کوٹلی کا دورہ کیا۔شہداء کے گھر گئے اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور شیلنگ سے زخمی ہونیوالوں کی عیادت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ریٹائرڈ میجر ناصر رفیق، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سردار نصراللہ صادق، ایس پی عدیل احمد لنگڑیال سمیت دیگر بھی موجود تھے
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز مصطفی کمال نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں انٹرنیشنل کمیونٹی سے ہمارا رابطہ ہے اور انہیں ہم بریف کر رہے ہیں ہمیں اپنی طاقت پر اعتماد ہے، ایکشن کا ری ایکشن ہو گا۔
انہوں نےکہا کہ ہم نے دنیا کا انتظار نہیں کرنا اپنا بندوبست خود کرنا ہے غزہ کے بچوں کو کسی نے نہیں بچایا ہمارے معیار اور کاردگی کی بنیاد پر ہی دنیا ثالثی کے لیے آئے گی، بھارت اب کوئی ایکٹ کرنے سے پہلے 100 مرتبہ سوچے گا۔
انہوں نےکہا کہ بھارت کو پڑنے والی مار کا علم ہے نریندر مودی کا سارا غرور خاک میں مل گیا ہے۔ ہم ذمہ دار قوم ہیں اور پڑوسیوں سے امن سے رہنا چاہتے ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کھوئیرٹہ میں گھوڑا کے مقام پر قمر شہزاد کے گھر جاکر ان کی شہید ہونے والی اہلیہ کے درجات کی بلندی کے دعا کی۔
مصطفی کمال بنڈلی بھی گئے اور ربیلہ شہید اور عثمان خالد شہید کے لواحقین سے تعزیت کی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔