لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے والٹن روڈ پر پولیس نے بھارتی ڈرون مارگرایا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ بھارتی ڈرون سرحد پار سے آپریٹ کیا جا رہا تھا اور پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سسٹم جام کر کے اسے گرایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس ڈرون کا مقصد حساس مقامات کی جاسوسی تھا اور یہ تقریباً 5 سے 6 فٹ کی پیمائش کا تھا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب یہ ڈرون گرایا گیا تو والٹن روڈ کے ارد گرد لوگوں نے دھماکوں کی آوازیں سنی اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ گوپال نگر اور نصیر آباد کے علاقے میں بھی دھماکوں کی آواز سنی گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کیا اور بتایا کہ ابتدائی طور پر دو سے تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جنہیں ڈرون سے منسلک سمجھا جا رہا ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ دھماکوں کی نوعیت کیا تھی۔
گوجرانوالہ میں جاسوس ڈرون کا ملبہ برآمد
گوجرانوالہ کے علاقے پیر جھنڈ کے کھیتوں سے بھی ایک بھارتی ڈرون کا ملبہ برآمد ہوا ہے، جسے پولیس نے قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق، یہ ڈرون حساس علاقوں کی جاسوسی کے لیے بھیجا گیا تھا، اور اس کی ساخت کے بارے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
چکوال میں بھی بھارتی ڈرون کا ملبہ
چکوال کے علاقے ڈھمن کے قریب دیوالیاں میں بھی ایک بھارتی ڈرون گرنے کی اطلاع ملی ہے، لیکن اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے اس ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے لیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس ڈرون کا مقصد بھی حساس مقامات کی جاسوسی تھا۔
ادھر سندھ کے ضلع گھوٹکی کے کھینچو تھانے کی حدود میں داد لغاری گوٹھ کے قریب ایک بھارتی ڈرون گرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق، ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے لیا گیا ہے اور یہ واقعہ بھارتی سرحد کے قریب پیش آیا ہے۔ ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ یہ علاقہ بھارت کی سرحد سے متصل ہے، جس کی وجہ سے ڈرون کی جاسوسی کی سرگرمیاں مشتبہ سمجھی جا رہی ہیں۔
بھارت کی جارحیت اور پاکستان کا جواب
یہ تمام واقعات بھارت کی حالیہ جارحیت کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔ یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کیا تھا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا۔ بھارت کی جانب سے یہ حملہ پاکستان کے خلاف بڑھتی ہوئی جارحیت کا حصہ تھا۔
پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مار گرائے اور متعدد فوجی چیک پوسٹیں تباہ کر دیں پھر بھارتی فوج نے ایل او سی کے چورا کمپلیکس پر شکست تسلیم کرتے ہوئے سفید جھنڈا لہرا دیا تھا۔