بھارت کو منہ توڑ جواب ، آزادکشمیر بھر میں پاک فوج سے یکجہتی کیلئے ریلیاں

دارالحکومت مظفر آبادسمیت آزادکشمیر بھر میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں جن میں اساتذہ، طلبا اور سول سوسائٹی نے شرکت کی اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔

کشمیر ڈیجیٹل کے مطابق مظفرآباد، جہلم ویلی، نیلم ویلی، باغ، راولاکوٹ، عباسپور،سدھنوتی، حویلی کہوٹہ، میرپور، ڈڈیال ، بھمبر، کوٹلی ، نکیال، سماہنی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔

مظفرآباد برہان وانی چوک میں پاسبان حریت کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی میں گو مودی گو بیک اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے گئے،راولاکوٹ میں سول سوسائٹی اور مختلف جماعتوں کی جانب سے ریلیوں کا انعقادکیا گیا۔

شوائی نالہ پاجگراں شہید ہونے والی بلال مسجد کے قریب اہل علاقہ نے پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی ، شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرہ بازی کی۔

ہٹیاں بالا میں پورے بازار کا چکرلگایا گیا اور لوگوں نے پاک فوج کے شانہ بشانہ رہنے کے عزم کا اعادہ کیا سدھنوتی میں بھی پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء نے افواج پاکستان کے حق میں نعرہ بازی کی اور کہا کہ کل بھی ہماری محافظ پاک فوج تھی آج بھی ہماری محافظ پاک فوج ہے ہم فوج کے ساتھ ہیں۔

سماہنی پونا سیکٹر میں پاک فوج کے حق میں اور بھارتی جارحیت کے خلاف بڑی ریلی نکالی گئی جس کی انجمن تاجران ، دفاعی کمیٹی اور مقامی انتظامیہ نے قیادت کی، افواج پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

باغ میں افواج پاکستان زندہ باد تاریخی ریلی نکالی گئی ،شہر پاک فوج زندہ باد ،آرمی چیف جنرل عاصم منیر قدم بڑھاؤ ہم آپکے ساتھ ہیں ،حافظ تیری نظر سری سری نگر کے نعروں سے گونج اٹھا ۔

حویلی فارورڈ کہوٹہ، کوٹلی میں شہداء کے نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ریلیاں نکالی گئیں اوپاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے جوانوں کیساتھ کھڑے ہیںَ

یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ، بزدل دشمن نے پھرفائر کھول دیا،پاک فوج کا منہ توڑ جواب

Scroll to Top