اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان نے پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ حالیہ سمندری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم فیصلہ کیا ہے جس میں بھارتی پرچم والے بحری جہازوں پر پاکستانی بندرگاہوں میں داخل ہونے پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
وزارت بحری امور کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ہندوستانی پرچم والے بحری جہازوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ پاکستان کی سمندری خودمختاری، قومی سلامتی اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
اعلان میں کہا گیا ہے کہ اب ہندوستانی پرچم والا کوئی تجارتی یا غیر تجارتی جہاز پاکستان کی کسی بندرگاہ پر لنگر انداز نہیں ہوسکے گا جبکہ پاکستانی پرچم بردار جہاز بھی ہندوستان کی کسی بندرگاہ کا دورہ نہیں کریں گے۔اس سلسلے میں کہا گیا کہ کسی خاص صورت حال میں استثنیٰ کا فیصلہ کیس کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انفرادی بنیادوں پر کیا جائے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔پہلگام واقعہ کی آڑ میں مودی نے بے حسی کی انتہا کردی ،جڑواں بچوں کو ماں سے جدا کردیا
میری ٹائم امور کی وزارت نے متعلقہ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے فوراً بعد ان ہدایات پر عمل درآمد کیا ہے اور اس فیصلے کو حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی میری ٹائم پالیسی کا واضح اور مضبوط فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی حکام نے یہ فیصلہ پاکستانی پرچم والے جہازوں پر بھارت کی پابندی کے جواب میں کیا ہے، بھارت نے شپنگ اور کمیونیکیشن روابط بھی معطل کر د ئیے ہیں۔
انڈو پاک شپنگ پروٹوکول کے تحت دونوں ممالک کے درمیان شپنگ روابط جاری رہے جس پر 2006 میں دستخط ہوئے تھے اس پروٹوکول کے تحت دونوں ممالک نے ضرورت پڑنے پر ایک دوسرے کے جہازوں کو ہنگامی تکنیکی مدد بھی فراہم کی اور دونوں ممالک کے ماہی گیروں کا تبادلہ کیا۔