مظفرآباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ آزاد کشمیر کی صدر محترمہ مریم کشمیری کے اعزاز میں ن لیگ خواتین ونگ کی نو منتخب عہدیداران نے شاندار استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں خواتین کارکنان اور نوجوان خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مریم کشمیری کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔
مریم کشمیری کی آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا گیا۔
ثوبیہ فاروق،شاہدہ عباسی، مسرت بی بی،سیرت جہانگیر،جمیلہ خاتون،مہنازگیلانی،ثوبیہ گیلانی، مہناز ظفر شاہدہ گیلانی، بینش منظور،رضیہ عثمانی، بشریٰ بخاری، تابندہ منیر فومیہ عاشمی ناظمین بی بی شمائلہ ودیگر خواتین نے تقریب کااہتمام کیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مریم کشمیری کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ جماعت کی بہتری اور استحکام کیلئے مریم کشمیری کی قیادت میں متحد ہو کر کام کریں گی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی خواتین ونگ نہ صرف تنظیم کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ ہر محاذ پر جماعت کی نمائندگی بھی احسن طریقے سے کر رہی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر خواتین ونگ آزاد کشمیر مریم کشمیری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نہ صرف خواتین بلکہ پورے پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا ماضی تعمیر و ترقی کی روشن تاریخ سے بھرا ہوا ہے اور پاکستان و آزاد کشمیر میں ہونے والے بڑے ترقیاتی منصوبے میاں نواز شریف اور ان کی قیادت کی بدولت مکمل ہوئے۔
مریم کشمیری نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے ملک کی تقدیر بدلنے کے لئے انقلابی اقدامات کئے، جن کے اثرات آج بھی عوام کی زندگیوں میں نمایاں ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی خواتین ہر میدان میں جماعت کے وقار اور ملکی مفادات کا تحفظ کرتی رہیں گی۔
موجودہ حالات کا حوالہ دیتے ہوئے مریم کشمیری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی خواتین ونگ، افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی دفاع و سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج مادرِ وطن کی سرحدوں کی محافظ ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ ہیں۔
مریم کشمیری نے اپنے خطاب میں غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کا فوری نوٹس لے اور انسانی حقوق کی پامالی روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی خواتین ہر مشکل وقت میں جماعت کا ہراول دستہ ثابت ہوئیں ہیں اور آئندہ بھی ملکی سالمیت، جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔