مظفر آباد،حویلی ( حنا محبوب اعوان ،عمربٹ، کشمیر ڈیجیٹل )پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کشمیری عوام کا جذبہ مزید بڑھ رہا ہے اور وہ بھارت کو ایڈونچر کی صورت میں منہ توڑ جوا ب دینے کا عزم کئے ہوئے ہیں ۔
کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیری عوام کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں پاکستان ہمارا ہے ،ہم پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور دشمن نے جارحیت کی غلطی کی تو اس کو سبق سکھائیں گے ۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم جنگ ہو یا امن پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں اور رہیں گے ، دشمن کی طرف سے کسی بھی ایڈونچر کی کوشش ہوئی تو کشمیر ی سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونگے ۔
امیر جماعت اسلامی آزاد ڈاکٹر مشتاق کا پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے کہنا تھا کہ فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے بھارت نے ہمیشہ اپنی اندرونی کمزوریاں چھپانے کی کوشش کی ۔
پہلگام واقعہ میں بھارت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے الزام پاکستان پرلگا رہا ہے، سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ۔پاکستان بھی تمام معاہدوں سے باہر نکل آئے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک باز نہیں آئیں گے جب تک اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق نہیں مل جاتا ۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔بھارت ایڈونچرکی جرات نہیں کرسکتا ،مودی اوراسکی ایجنسیوں کی ایسی کی تیسی،چوہدری انوارالحق
حملے کی سوچنا بھی بھارت کی حماقت ہوگی ہم موت سے ڈرنے والے نہیں ہم شہادت کی خواہش رکھنے والے لوگ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کا نوٹس لے کر مسئلہ کشمیر حل کرایا جائے ۔
پاک بھار ت کشیدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دیگر شہریوں کا کہنا تھا کہ بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کرکے الزام پاکستان پر لگانے کی ناکام کوشش کی ہے ،اقوام متحد ہ کی سلامتی کونسل میں بھی بھارت بری طرح ناکام ہوا ہے ۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں موجود ہیں ایسے میں اتنا بڑا واقعہ ہونا سمجھ سے بالاتر اور واضح طور پر فالس فلیگ آپریشن ہے ۔
شہریوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے اور اپنی گھنائونی حرکتوں پر پردہ ڈالنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔
بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیر اورپاکستان کے عوام کے جذبے کوشکست نہیں دے سکتے ،شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے لئے جان دینے کو تیار ہیں اور اپنی پاک فوج کے ساتھ ہیں ۔