pak army

پاک فوج نے افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ،54خارجی ہلاک

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )سیکورٹی فورسز نے افغانستان سے ملک میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، جس میں خوارج کے 54 دہشت گرد مارے گئے۔

بڑے آپریشن کا اعلان پاک فوج کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ ایک بیان میں کیا گیا۔

یہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں ایک ہی آپریشن میں ہلاک ہونے والے خوارج  کیخلاف سب سے بڑی تعداد کا ریکارڈ ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کہا کہ فورسز کی کارروائی میں 54 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ 25 اور 26 اپریل 2025 کی درمیانی شب اور پھر 26 اور 27 اپریل 2025 کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان افغانستان سرحد کے ذریعے بڑی تعداد میں خوارج کی نقل و حرکت کو بروقت ناکام بنا دیا گیا۔

سیکورٹی فورسز کی طرف سے.بیان کے مطابق  پاک فوج نے موثر حکمت عملی کے ذریعے دشمن کے ارادوں کو ناکام بناتے ہوئے تمام (54) خوارج کو کامیابی سے انکے انجام تک پہنچایا ۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں سے  اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔لیپہ ،بھارتی فوج کی پھر بلا اشتعال فائرنگ،پاک فوج کا دندان شکن جواب

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق یہ خوارج “اپنے غیر ملکی آقاؤں” کے کہنے پر دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں کرنے کے لیے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے ۔

بیان میں  مزید کہا گیا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، فتنہ الخوارج کے ان اقدامات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ کس کے اشارے پر عمل کر رہے ہیں۔

اس طرح کے اقدامات ریاست اور عوام کے خلاف غداری کے مترادف ہیں ،قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ہندوستان کا اسٹریٹجک مقصد پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی توجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہٹانا ہے۔ .

پاکستانی سیکورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، کارکردگی اور تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑے سانحے کو بروقت روکا۔
پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

 

 

Scroll to Top