وادیٔ نیلم:کنٹرول لائن پر آباد کشمیری عوام بھارت کے خلاف پھٹ پڑے

وادیٔ نیلم کی کنٹرول لائن پر آباد کشمیریوں نے بھارتی جارحیت اور سازشوں کے خلاف شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے خطے کے پرامن ماحول کو سبوتاژ کرنے یا کنٹرول لائن پر افراتفری پھیلانے کی کوشش کی تو افواجِ پاکستان بھارت کو سبق سیکھانے کے لیے تیار ہے۔

کشمیریوں نے کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری مہمان نواز ہیں اور کسی صورت بھی انسانیت کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے۔ انہوں نے بھارتی اقدامات کو انسانیت کے ناتے “بہت دردناک” قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پہلگام واقعے کے ذریعے کنٹرول لائن پر کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

شہریوں نے مزید کہا کہ بھارت خود حملے کر کے پاکستان پر الزام لگا دیتا ہے اور اپنے ہی شہریوں پر ظلم کر کے اس کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔ کشمیری عوام نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کو “انسانیت کا قاتل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ گجرات اور کشمیر میں مودی سرکار کے مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ “بطور کشمیری ہم پاکستان فوج کے پشت بان ہیں اور بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ تحریکِ آزادی کو کچلنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔” انہوں نے بھارت کے حالیہ جھوٹے اقدامات کو “فالس فلیگ ” قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ماضی میں بھی پلوامہ جیسے واقعات رچا کر اپنے مذموم عزائم حاصل کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ کشمیری عوام نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر بھارت نے اپنے ناپاک عزائم کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش کی تو کشمیر کے پہاڑ بھارتی فوج کا قبرستان ثابت ہوں گے۔

کشمیریوں نے عالمی برادری کو باور کراتے ہوئے کہا کہ بھارت گزشتہ 77 سالوں سے ایسے اقدامات کے ذریعے خطے کے امن کو مسلسل سبوتاژ کر رہا ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر مکمل طور پر آزاد ہوگا اور پاکستان کی بہادر افواج کشمیریوں کو آزادی دلائے گی۔

آخر میں کشمیری عوام نے بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے خطے کی طرف میلی نظر ڈالی تو افواجِ پاکستان بھرپور، دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور کشمیری ہر محاذ پر افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Scroll to Top