پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما و وزیر حکومت سید بازل علی نقوی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ پہلگام واقعہ خود کرا کے الزام پاکستان پر لگا دیتے ہیں، یہ روز روز کی بک بک ختم ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم پاک فوج کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی۔
سید بازل نقوی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ وقت آ گیا ہے کہ نعرۂ حیدری لگاؤ اور سری نگر میں گھس جاؤ، تاکہ مقبوضہ کشمیر بھارتی جبر و استبداد سے نکل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام، جہاں پر دہشتگردی کا واقعہ ہوا، وہاں کشمیری چاہے اِدھر والے ہوں یا اُدھر والے، کشمیری بڑی مہمان نواز قوم ہے۔ کشمیری جب کوئی مہمان آتا ہے، اپنے دلوں کو کھول کر مہمانوں کا استقبال کرتے ہیں۔ اس واقعے کی دونوں اطراف کے کشمیری بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پانی ہماری لائف لائن ہے: وزیراعظم شہباز شریف کا دوٹوک پیغام
سید بازل نقوی کا کہنا تھا کہ جب سے مودی کی حکومت قائم ہوئی ہے، یہ ہر سال ڈرامے کرتے ہیں، خود ہی مرواتے ہیں اور الزام پاکستان پر لگا دیتے ہیں اور جنگ کا ماحول بنا دیا جاتا ہے۔