بھارتی پراپیگنڈے کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، پریس کلب راولاکوٹ میں بھرپور ردعمل

راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل):غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مقامی شہریوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے قومی یکجہتی اور عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

پریس کانفرنس کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کے بعد بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے پاکستان اور اداروں پر الزامات کو بے بنیاد اور ثبوت سے عاری قرار دیا۔

مقررین نے کہا کہ بھارت بار بار پاکستان کو خطے کے عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہرا کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الزامات نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ عالمی برادری کو جھوٹے بیانیے سے متاثر کرنے کی ایک اور ناکام کوشش ہے۔

پریس کانفرنس میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی معاہدوں جیسے سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے، سفارتی دباؤ بڑھانے اور پاکستانی شہریوں کو ملک چھوڑنے کے احکامات جیسے اقدامات اس کی جنگی ذہنیت کا واضح ثبوت ہیں۔

مقررین نے پاکستان کے پرامن اور ذمہ دار ایٹمی ریاست ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف دہشتگردی کا مخالف ہے بلکہ کسی بھی قسم کی تخریبی سرگرمیوں کی حمایت نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ واقعات کی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات ہونی چاہئیں، نہ کہ پراپیگنڈے پر مبنی الزامات لگائے جائیں۔

پریس کانفرنس میں واضح پیغام دیا گیا کہ اگر بھارت ان بے بنیاد الزامات کو جواز بنا کر کوئی مہم جوئی کرتا ہے تو پاکستان کی مسلح افواج اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام فولادی دیوار بن کر بھرپور جواب دیں گے۔ مقررین نے کہا:”ہم اپنی افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔”

Scroll to Top