مظفرآباد:محکمہ شاہرات ضلع نیلم کے آفیسران نے ٹھیکیدار کے14لاکھ روپے بغیر کسی قانونی جوازیت کے نکلواکر ہڑپ کرلئے جس پر اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سلیم درانی کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی نے محکمہ شاہرات ضلع نیلم کے آفیسران کے خلاف 14لاکھ روپے بغیرکسی قانونی جوازیت کے دھوکہ دہی سے نکلوا کر ہڑپنے کے الزام پرمحکمہ کے آفیسران کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔
ٹھیکیدار صادق حسین کی جانب سے آفیسران محکمہ شاہرات ضلع نیلم کے خلاف ٹھیکہ نکاسی روڈ پھلاوئی تاڈنہ میں مبینہ طور پر 14لاکھ روپے خرد برد کی درخواست ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کو موصول ہوئی۔
ٹھیکیدار نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ پی ڈبلیوڈی ضلع نیلم کے افسران کی جانب سے فرضی اور جعلی خود ساختہ بل بنا کر ایم بی پر جعلسازی سے رقم ہڑپ کر لی گئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلیشمنٹ بدرمنیر نے باقاعدہ تحقیقات کیلئے سلیم درانی سپرنٹنڈنٹ پولیس اینٹی کرپشن مظفر آباد کو تحقیقاتی افسر مقرر کر دیا ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ اندر ایک ماہ پیش کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: کرپشن یا لاپرواہی؟محکمہ خوراک حویلی کا گودام 15 سالوں میں بھی تعمیر نہ ہوسکا