بھمبر : آزادکشمیر کے ضلع بھمبر میں افسوسناک واقعہ کے بعد پولیس اہلکار نے انسانیت سے پیار کی عمدہ مثال قائم کردی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بھمبر کے موضع برسالی کے قریب جنگل میں نومولود بچے کو پلاسٹک کے تھیلے میں ڈال کر رکھ دیا گیا ، مقامی لوگوں نے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق بچہ انتہائی تشویش ناک حالت میں تھا لیکن بروقت کارروائی کے نتیجے میں محفوظ رہا۔
ابتدائی طبی معائنہ بھمبر ہسپتال میں کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بچے کو مکمل طور پر صحت مند قرار دیا اور اس کی ویکسی نیشن کا پہلا مرحلہ بھی مکمل کر لیا۔
لاوارث چھوڑے گئے ننھے پھول کو پولیس اہلکار امتنان نے گود لینے کا فیصلہ کیااور اس کا نام ’’عطاء اللہ‘‘ رکھ کر یہ پیغام دیا کہ یہ اللہ کی عطا ہے چاہے اسے بدبختوں نے ہی چھوڑ دیا۔
نومولود بچے کو ایسے جنگل میں چھوڑنے کے واقعہ نے علاقے کے لوگوں کو ہلا کررکھ دیا ہے،لوگوں کی اپیل ہے کہ ایسے بے رحم ملزمان جنہوں نے اپنا گناہ چھپانے یا پھر کسی اور وجہ سے گناہ سرزد کیا ان کو تلاش کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
واقعہ سوشل میڈیا پر آنے پر صارفین کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار امتنان کا یہ جذبہ انسانیت کی روشن مثال ہے، واقعے نے انسانی ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کی اہمیت کوبھی اجاگر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بغیر نمائش کے مدد، مظفرآبادمیں انسانیت کی انوکھی مثال