مظفرآباد:چیئرمین ٹیوٹا خواجہ محمد نعیم بسمل نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کا مستقبل ٹیکنیکل ایجوکیشن سے وابستہ ہے،ووڈ ورکنگ اور ووڈ کارونگ کے کام کو پورے آزاد کشمیر میں رول ماڈل کے طور پر پیش کیا جائیگا۔
گورنمنٹ انڈسٹریل ٹریننگ سینٹر لمنیاں ضلع جہلم ویلی میں تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ نسیم بسمل نے کہا کہ ٹیوٹا ٹریننگ کے ساتھ پروڈکشن پر بھی کام کریگا۔
انہوں نے اتھارٹی ہذاکے ما تحت ادارہ جات میں تیار کی جانیوالی ووڈ ورکنگ، ووڈ کارونگ، پیپر ماشی، نمدہ گبہ شال بافی اور دیگر مصنوعات کی آن لائن ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے لیے باقاعدہ فیس بک پیج تیارکیے جانے کے احکامات صادرکئے۔
چیئرمین ٹیوٹانے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوان ہماری ریاست کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انکی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ریاست کی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے انچارج ادارہ،دیگر سٹاف،چیئرمین انسٹیٹوٹ مینجمنٹ کمیٹی کی طرف سے ادارہ کی بہتری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کی اور ٹیوٹا کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
چیئرمین ٹیوٹانے دیگر آفیسران ٹیوٹا اور عمائدین علاقہ کے ہمراہ ویلڈنگ ٹریڈ کی نئی کلاس کا افتتاح کیا۔ ڈورکنگ،ووڈکار ونگ،ڈریس میکنگ،فیشن ڈیزائننگ، پیٹرن ڈرافٹنگ اور کمپیوٹر کلاس کی لیبز کا معائنہ کیا اور ادارہ کی کارکردگی کو سراہا۔
تقریب سے ڈائریکٹر آوپریشن ٹیوٹاانعم آصف عباسی، انچارج انڈسٹریل ٹریننگ سینٹر لمنیاں سردار سکندر حیات، چیئرمین انسٹیٹیوٹ مینجمنٹ کمیٹی انجینئرخواجہ احسن شوکت ممبر ضلع کونسل، ڈاکٹر نذیر چک اور دیگر نے خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی آزادکشمیر کا ایک لاکھ نوجوانوں کو فری لانسنگ ٹریننگ دینے کااعلان