اسلام آباد میں گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس میں ہوشربا اضافہ!

اسلام آباد میں گاڑی رکھنے والوں کو ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے گاڑیوں کی منتقلی کی فیسوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، اور یہ نئی شرحیں 14 اپریل 2025 سے نافذ العمل ہو گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اب 1000 سی سی تک کی گاڑی کی منتقلی پر شہریوں کو 1200 روپے کی بجائے 2750 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ اسی طرح 1000 سی سی سے 1800 سی سی تک کی گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس 2000 روپے سے بڑھا کر 5500 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ 1800 سی سی سے زائد گاڑیوں کے لیے یہ فیس اب 3000 کے بجائے 11000 روپے ہو گئی ہے۔

الیکٹرک گاڑیاں رکھنے والوں کو بھی اس بار استثنیٰ نہیں دیا گیا۔ 50 کلو واٹ تک کی الیکٹرک گاڑی کی ٹرانسفر فیس 2500 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 50 سے 100 کلو واٹ تک کی الیکٹرک گاڑی کی منتقلی پر 5500 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

صرف چار پہیوں والی گاڑیاں ہی نہیں بلکہ موٹر سائیکل رکھنے والے بھی اس اضافے سے متاثر ہوں گے۔ 200 سی سی تک کی موٹر بائیک کی ٹرانسفر فیس 150 روپے سے بڑھا کر 550 روپے کر دی گئی ہے ۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق اس فیصلے کا مقصد سرکاری ریونیو میں اضافہ اور رجسٹریشن کے عمل کو مزید منظم بنانا ہے۔ تاہم شہری اس اچانک اضافے پر شدید پریشان ہیں  کہ مہنگائی کے اس دور میں حکومت کو عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے۔

Scroll to Top