مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ میرپور نے امتحانات برائے فرسٹ اینول 2025 کے دوران انتظامی امور کے پیش نظر جماعت نہم کے لیے جبڑباڑیاں اور لیسواء کے امتحانی مراکز کی منتقلی کے احکامات منسوخ کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی فیصلے کے تحت ہائی اسکول جبڑباڑیاں کا امتحانی مرکز انٹر کالج میرپورہ اور ہائی اسکول لیسواء کا امتحانی مرکز ہائی اسکول جورا منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ تاہم وزیر حکومت میاں عبدالوحید اور ڈپٹی کمشنر نیلم ندیم احمد جنجوعہ کی یقین دہانی کے بعد چیئرمین تعلیمی بورڈ نے یہ فیصلہ واپس لے لیا ہے اور دونوں امتحانی مراکز اپنی سابقہ حیثیت میں بحال کر دیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جبڑباڑیاں اور لیسواء کے طلبہ اپنے ہی علاقوں میں امتحانات دیں گے اور امتحانی مراکز کی منتقلی کا فیصلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے اس فیصلے کے خلاف بھر پور احتجاج کیا تھا اور اب نئے فیصلے کو عوامی حلقوں، والدین اور طلبہ کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے وہ پہلے امتحانی مراکز کی منتقلی پر تشویش کافی برہم تھے۔