راجہ ذوالقرنین کا انتقال پرملال: حکومت کاایک روزہ سوگ کا اعلان

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)سابق صدر آزاد جموں و کشمیر و ممتاز سیاستدان راجہ ذوالقرنین خان انتقال کر گئے۔

 آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ کی اہم شخصیت کی وفات پر  ریاست بھر میں  فضاء سوگوار ہوگئی ۔سابق صدر کے انتقال کی خبر سے آزاد کشمیر کے سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ۔

 مرحوم راجہ ذوالقرنین خان آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ کی اہم ترین شخصیات میں شمار ہوتے تھے ،  انہوں نے ریاست کے اعلیٰ ترین آئینی منصب، صدارتِ  سمیت مختلف دیگر آئینی عہدوں پرفائز رہے۔

راجہ ذوالقرنین خان نے  ریاست کی بھرپور خدمت کی، اہل خانہ کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ کل 8 نومبر بروز اتوار دن 11 بجے ان کے آبائی علاقے تھاتھی کسگمہ بھمبر میں ادا کی جائے گی۔

 وزیراعظم افتخار گیلانی کا  سابق صدر ریاست  راجہ زولقرنیں کے انتقال پر ایک روزہ سوگ کا اعلان،کل پرچم سرنگوں رہے گا جبکہ تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائیگی۔

راجہ ذوالقرنین خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے انکی تدفین سرکاری اعزاز کی ساتھ کی جائیگی ۔وزیر اعظم افتخار گیلانی نے سابق صدر راجہ ذوالقرنین خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر بھمبر کا تھاتھی کسگمہ کا دورہ، سابق صدر ریاست راجہ ذوالقرنین خان کا نماز جنازہ کل بروز اتوار صبح 11 بجے ادا کیا جائے گا۔

 ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار فیصل مغل نے تھاتھی کسگمہ کا دورہ کیا اور سابق صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین خان کے نماز جنازہ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ایس پی بھمبر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے جنازہ گاہ، پارکنگ، داخلی و خارجی راستوں، سیکیورٹی، ٹریفک پلان کا جائزہ لیا۔

 صفائی ستھرائی، پینے کے پانی اور طبی سہولیات کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں کو فول پروف انتظامات کی ہدایت جاری کی۔

اس موقع پر ممبر ضلع کونسل راجہ فاروق اقبال، چوہدری راشد رشید ایڈووکیٹ اور راجہ عدنان پرویز بھی موجود تھے۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جنازہ میں شرکت کے لیے وقت پر پہنچیں اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔