اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے شوال 1446 ہجری کے چاند کو دیکھنے کا اعلان کیا، پاکستان میں عید الفطر کل پیر کو منائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں شوال کے چاند کو دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مذہبی امور اور موسمیات کی وزارتوں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد مولانا عبدالخبیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف تھا اور چاند کے نظر آنے کے شواہد لاہور، قصور اور اسلام آباد سمیت کئی مقامات سے موصول ہوئے ہیں۔
ملک بھرسےشوال کےچاندکی شہادتیں موصول ہوئیں، لاہور،اسلام آباد،کراچی،بہاولپور،شیخوپورہ سےشہادتیں موصول ہوئیں، چیئر مین رویت ہلا ل کمیٹی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کاشکراداکرتےہیں کہ پاکستان جیسی نعمت ملی
، آئیے ہم سب مل کرپاکستان کی خوشحالی اورترقی کیلئےدعاکریں، افواج پاکستان ہمارےملک کےدفاع کیلئےبھرپورکرداراداکررہی ہیں اللہ تعالیٰ انہیں استقامت عطا فرمائے ۔
ادھر وفاقی حکومت نے عید الفطر میں پیر 31 مارچ سے بدھ 2 اپریل تک تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔.
.واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، قطر، کویت، بحرین، یمن، فلسطین، افغانستان اور برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک میں اتوار کو عید منائی گئی مکہ کی عظیم الشان مسجد اور مدینہ کی مسجد نبوی میں ہزاروں مقامی اور غیر ملکی زائرین نے عید الفطر کی نماز کے اجتماعات میں شرکت کی۔
پاکستان میں بوہری برادری نے بھی اتوار کو عید منائی ۔




