عید تعطیلات کے دوران سگریٹ اسمگلنگ کی روک تھام: آزاد کشمیر میں سخت اقدامات، دفعہ 144 نافذ

میرپور/بھمبر/اسلام آباد :آزاد جموں و کشمیر حکومت نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران بغیر ڈیوٹی ادا شدہ سگریٹ کی پاکستان اسمگلنگ روکنے کے لیے سخت انتظامی اقدامات کیے ہیں ،میرپور اور بھمبر میں سگریٹ اور تمباکو مصنوعات کی ترسیل پر پابندی عائد کرتے ہوئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہےجو 31 مارچ سے 2 اپریل تک مؤثر رہے گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق غیر قانونی سگریٹ کاروبار میں ملوث عناصر نے عید کی تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بغیر ڈیوٹی ادا شدہ سگریٹ کی پاکستان اسمگلنگ کا منصوبہ بنایا تھا جس کی اطلاع پولیس اور ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو ملی تھی کہ میرپور اور بھمبر سے سگریٹ کی بھاری مقدار پنجاب منتقل کی جا سکتی ہے، اسی خدشے کے پیش نظر حکومت نے فوری طور پر انسدادی اقدامات کیے اور دفع نافذ کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض اور ڈپٹی کمشنر بھمبر ارشد محمود جرال نے حکم نامے میں واضح کیا کہ عید کے دوران جب ان لینڈ ریونیو کا عملہ چھٹی پر ہوگا اسمگلرز اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اس خدشے کے پیش نظر سخت نگرانی کے احکامات دیے گئے ہیں اور دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جس کے تحت کوئی بھی فرد، فیکٹری مالک یا ٹرانسپورٹر سگریٹ کے کارٹن یا کھلے پیکٹ میرپور اور بھمبر کی حدود سے باہر لے جانے یا فروخت کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں، غیر قانونی ٹیکس دستاویزات کے تمباکو مصنوعات کے خام مال کی ترسیل بھی ممنوع ہوگی۔

ایکسائز حکام کے مطابق، رواں ماہ کے آغاز میں محکمہ ان لینڈ ریونیو اور ایکسائز نے بھمبر میں ایک معروف سگریٹ فیکٹری پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے بغیر ڈیوٹی ادا شدہ سگریٹ ضبط کیے تھے۔

ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ایکسائز موبائل اسکواڈ نے ایک مشتبہ لوڈر فورڈ ویگن (رجسٹریشن نمبر J-4796) کو روکا، جس کی تلاشی کے دوران 70 کارٹن “کسان” برانڈ سگریٹ برآمد ہوئے جو قانونی دستاویزات کے بغیر لے جائے جا رہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں ڈرائیور نے انکشاف کیا کہ یہ سگریٹ بھمبر کی نیشنل ٹوبیکو فیکٹری سے نوشہرہ ورکاں منتقل کیے جا رہے تھے۔ اس کارروائی کے بعد متعلقہ حکام نے سگریٹ تیار کرنے والی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا اور فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ہے۔

حکام نے واضح کر دیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر آزاد پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سگریٹ اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے تاکہ ٹیکس چوری اور غیر قانونی کاروبار کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top