کوٹلی( کشمیر ڈیجیٹل)صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب کوٹلی کی سرزمین سے مقبوضہ کشمیر کی مظلوم و محکوم عوام کو اس بات کی یقین دھانی کرواتا ہوں کہ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ ان کی آزادی کی جنگ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے کشمیر کی مکمل آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
حالات کا جبر وقت کی سنگینی ہمیں تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد سے باز نہیں رکھ سکتی ہماری منزل مقصود و منزل مراد کشمیر کی مکمل آزادی ہے ۔
انہوں نےکہا کہ کوٹلی کے عوام نے آج ایک مرتبہ پھر میرا پر جوش اور پر خلوص استقبال کر کے میرا دل جیت لیا اس بے پناہ محبت اور انمول عقیدت پر اہلیان کوٹلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
لائن آف کنٹرول پر بسنے والے لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے میں نے کوٹلی میں رحمان برج تعمیر کیا بائی پاس روڈ کا منصوبہ دیا ان شاءاللہ کوٹلی کے تمام حل طلب مسائل حل کریں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔ماضی کی حکومتو ں نے باغ کو پسماندہ رکھا،موجودہ حکومت سے مسائل حل کیلئے بات کرونگا، بیرسٹر سلطان محمود
راٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے بہت جلد یہ منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا راٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل سے میرپور اور کوٹلی کی عوام یکساں مستفید ہو گی۔ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کوٹلی میں افطار ڈنر کے جلسہ عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر،صدارتی مشیر چوہدری محبوب نے بھی خطاب کیا۔
حلقہ ایل اے 7بھمبر حلقہ کھڑی شریف کے بعد صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کوٹلی میں بھی بڑا عوامی پاور شو کوٹلی میں صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا افطار ڈنر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گیا عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر افطار ڈنر میں امنڈ آیا صدارتی مشیر چوہدری محبوب کی قیادت میں افطار ڈنر آمد پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا والہانہ استقبال کیا گیا اس موقع پر کوٹلی کی عوام اپنے محبوب قائد کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب و بے قرار تھی۔