میانمار اور تھائی لینڈ میں خوفناک زلزلہ، 1000 سے زائد ہلاکتیں، مزید نقصانات کا خدشہ

میانمار اور تھائی لینڈ میں آنے والے تباہ کن زلزلے نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے جس میں ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میانمار میں زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 1002 افراد جاں بحق جبکہ 2400 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں تاہم اب بھی کئی افراد ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف یہ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کے جھٹکے پڑوسی ممالک تک محسوس کیے گئے۔ بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میگھالیہ اور منی پور، بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا اور چین کے کچھ حصوں میں بھی زمین لرز اٹھی جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بنکاک کے حکام کے مطابق شہر میں 2000 سے زائد عمارتوں میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ ایک زیر تعمیر بلند عمارت زمین بوس ہونے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد مزدور لاپتہ ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر منڈالے سے تقریباً 17.2 کلومیٹر دور تھا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ آفٹر شاکس کے باعث مزید تباہی ہو سکتی ہے۔ امریکی ادارے نے پیش گوئی کی ہے کہ جانی نقصان 10 ہزار سے تجاوز کر سکتا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ حکام نے عوام کو مزید جھٹکوں کے خطرے کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top