آزاد پتن کے قریب ٹیوٹا ہائی ایس کو حادثہ، 6 افراد شدید زخمی

سدھنوتی : آزاد جموں و کشمیر کے داخلی راستے آزاد پتن پانہ پل کے قریب ایک مسافر ٹیوٹا ہائی ایس بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 6 افراد شدید زخمی، جبکہ درجن کے قریب مسافر معمولی زخمی ہوئے۔

حادثے کا شکار ہائی ایس راولپنڈی سے علی سوجل، راولاکوٹ جا رہی تھی، جس میں 18 مسافر سوار تھے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ گاڑی کی بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے اتر گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی آزاد پتن پولیس اور پنجاب ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال کہوٹہ منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمی افراد کو راولپنڈی کے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

یہ وہی مقام ہے جہاں رواں برس ایک مسافر کوسٹر بھی حادثے کا شکار ہوئی تھی، جس میں سدھنوتی اور گردونواح کے 26 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

آزاد جموں کشمیر سے راولپنڈی جانے والی اکثر گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونے کے باعث حادثات معمول بن رہے ہیں۔شہریوں نے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Scroll to Top