ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے بیٹر صاحبزادہ فرحان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے لیے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے انہیں اپنے 20ویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم کا حصہ بنایا ہے جس سے ٹیم کی بیٹنگ لائن مزید مضبوط ہونے کی امید ہے۔
صاحبزادہ فرحان نے پی ایس ایل میں اپنی اننگز کا آغاز 2018 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ کیا تھا، جہاں وہ ایمرجنگ کھلاڑی کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنے تھے۔ انہوں نے اس ایڈیشن میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے یونائیٹڈ کو اس کا دوسرا پی ایس ایل ٹائٹل جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ان کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ فرحان جیسے تجربہ کار اور بھرپور فارم میں موجود کھلاڑی کسی بھی وقت پلیئنگ الیون میں جگہ بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ ہمیشہ ڈومیسٹک ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرتا رہا ہے اور صاحبزادہ فرحان کی واپسی اسی پالیسی کا تسلسل ہے۔